ورلڈ اکنامک فورم کے سوشل انٹرپرینیورز

December 02, 2018

سوشل انٹرپرینیورز ’منافع‘ کے بجائے مارکیٹکی طاقت اور کاروباری اصولوں کی بنیاد ’پسماندہ اور غریب افراد کی مدد‘ کو بناتے ہوئے سماجی مسائل حل کرنے پر متوجہ رہتے ہیں۔ سوشل انٹرپرینیورز اکثر ان شعبوں اور ان علاقوں میں کام کرتے ہیں، جہاں حکومتیں اور مرکزی دھارے کا نجی شعبہ بامقصد نتائج حاصل کرنے میں کامیاب نہیں رہتا، جس کی وجوہات تخلیقی صلاحیتوں اور عملیت پسندی کی کمی ہوسکتی ہیں۔ ورلڈاکنامک فورم نے سوشل انٹرپرینیورز 2018ء کا اعلان کیا ہے، جو اپنے کام کے ذریعے سماجی بہبود، غربت میں کمی او رسماجی اور معاشرتی مسائل سے نمٹنے میں کامیابی حاصل کررہے ہیں۔

مائیک کِن، زیمبیا/ملاوی

زونا(Zoona)نے ایک ایسا ٹیکنالوجی پلیٹ فارم اورفرنچائزز کا نیٹ ورک قائم کیا ہے، جو عوام کو مالیاتی خدمات تک رسائی فراہم کرتا ہے۔ Zoonaکے3ملکوں میں 3,000ایجنٹس کے ذریعے سرگرم صارفین کی تعداد 20لاکھ تک جا پہنچی ہے، جبکہ اس کے ذریعے اب تک 2ارب ڈالر سے زائد کا لین دین کیا جاچکا ہے۔ کمپنی نے ڈھائی کروڑڈالر کی سرمایہ کاری بھی حاصل کی ہے۔

فاطمہ عبدالقادر عدن، کینیا

ہارن آف افریقا ڈیویلپمنٹ انیشیٹو (HODI) وکالت، تعلیم، تنازعات کے حل اور مناسب زندگی گزارنے کے طریقوںکے ذریعے افریقا کے غریب اور قحط زدہ علاقوں میں پرامن اور روادار کمیونٹیز کو فروغدیتا ہے۔ اس کے4اہم پروگرام 300دیہات میں 10ہزارنوجوان افراد، 1,500 لڑکیوں پر مشتمل 13اسکول اور 14,700گھرانوں پر مشتمل ہیں۔HODI کے ایک پروگرام کا نام Breaking The Silence(خاموشی کو توڑنا) ہے، جس کے تحت جنسی ہراسگی سے متاثرہ لڑکیوں کی آواز کو سُنا جاتا ہے اور انھیں سپورٹ فراہم کی جاتی ہے۔

بروکٹاوِٹ ٹیگابو، ایتھوپیا

وِز کِڈز(Whiz Kids) ورکشاپ ایتھوپیا میں ٹیلی ویژن، ریڈیو اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے 7 مقامی زبانوں میں بچوں کی تعلیم، صحت، خواندگی اور صنفی مساوات کے موضوعات پر آگاہی کے پروگرام چلاتی ہے۔

اس کا بین الاقوامی انعام یافتہ پروگرام Tsehai Loves Learning ہر ہفتے 50ٹیلی ویژن ناظرین اور تقریباً 1کروڑریڈیو سامعین تک پہنچتا ہے۔

ویلدیسی فیریرا، برازیل

دی برازیلین فریٹرنٹی آف اسسٹنس ٹو کنوِکٹس(FBAC)نے قیدیوں کی بحالی کے لیے 12اصولوں پر مشتمل ایک طریقہ تیار کیا ہے، جس میںقیدیوںکی بحالی کے لیے کمیونٹی کی شرکت، کام، میرٹ اور خاندان شامل ہیں۔ یہ پروگرام برازیل کی 5ریاستوںمیں کام کرتا ہے اور اس طریقہ کار کو اپنانے کے لیے 23ملکوں کی معاونت صاصل کی گئی ہے۔ برازیل کی جیلوں میں قید وہ مجرم جنھیں FBACکے زیرانتظام جیلوں میں رکھا جاتا ہے، ان میں تکرارِجرم کی شرح 30فیصد ہے، جبکہ برازیل میںتکرار جرم کی اوسط قومی شرح تقریباً 85فیصد ہے۔

بسوان ابیل، ہالینڈ

فیئرفون، الیکٹرانکس انڈسٹری میں تبدیلی کی مؤجد ہے۔ یہ ایسے اسمارٹ فون تیار کرتی ہے، جن میں سماجی اور ماحولیاتی عوامل کو پہلی ترجیح دی جاتی ہے۔ یہ کمپنی ایسے طویل المدتی ڈیزائن متعارف کرانے پر کام کرتی ہے، جس میں کوڑے کرکٹ کو محدود رکھا جاتا ہے اور خام مال ایسے ذرائع سے حاصل کیا جاتا ہے، جن کا سماجی اور ماحولیاتی تحفظکے مقاصد کے ساتھ کوئی تضاد نہ ہو۔ کمپنی اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ اس میں کام کرنے والے افراد کو کام کرنے کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا جائے اور گردشی معیشت حاصل کرنے کے لیے ری سائیکلنگ کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ ستمبر 2018ء تک کمپنی 1 لاکھ 60ہزار اسمارٹ فون فروخت کرچکی ہے۔

ساشا شیناف/ایمی سلاٹر، افریقا/مشرقِ وسطیٰ

ریفیوج پوائنٹ نامی تنظیم اپنی مدد آپ پروگرام کے تحت افریقا اور مشرقِ وسطیٰمیںخطرات کا سامنا کرنے والے پناہ گزینوں کو ان ملکوں میں ضم ہونے کی تربیت فراہم کرتی ہے، جہاں وہ ہجرت کرکے پناہ لینے کی غرض سے پہنچتے ہیں۔یہ تنظیم افریقا، جنوب مشرقی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں پناہ گزینوں کے لیے کام کرنے والےاقوام متحدہ کے کمشنرکے اشتراک سے پناہ گزینوں کے لیے رہائش کا بندوبست کرتی ہے۔ RefugePoint اب تک 54,000پناہ گزینوں کو رہائش کی سہولتیں فراہم کرچکی ہے، جس سے ہزاروں دیگر پناہ گزینوں کو بھی فائد پہنچا ہے۔

زیک روسِن برگ، امریکا

ایس بی پی نامی تنظیم بروقت معاونت اور معلومات کی فراہمی کے ذریعے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو سانحہ کے بعد مختصر ترین مدت میں دوبارہ بحال کرنےکے لیے کام کرتی ہے۔ یہ تنظیم اوسطاً 61روز میں ایک گھر تیار کرتی ہے، ان کے تیار کردہ گھروں کی لاگت مارکیٹ لاگت کے مقابلے میں 40فیصد کم ہوتی ہے اور اب تک یہ 1,420سے زائد گھر تیار کرچکی ہے۔ اس تنظیم کی دوسری خاص بات یہ ہے کہ اس نے اپنا تعمیراتی ماڈل دیگر این جی اوز کے ساتھ بھی شیئر کیا ہے اور انھیں ضروری تربیت بھی فراہم کی ہے، تاکہ قدرتی سانحہ سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے زیادہ سے زیادہ کم لاگت کے فوری گھر تعمیر کیے جاسکیں۔