سکاٹش پارلیمنٹ نے برطانوی حکومت کا بریگزٹ ڈرافٹ مسترد کردیا

December 07, 2018

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) سکاٹش پارلیمنٹ نے برطانوی حکومت کے بریگزٹ ڈرافٹ کو 29کے مقابلے میں92 ووٹوں سے مسترد کردیا ہے، سکاٹش نیشنل پارٹی، لیبرپارٹی، لبرل ڈیموکریٹ اور گرین پارٹی نے مجوزہ ڈرافٹ کی مخالفت کی، جبکہ سکاٹش کنزرویٹو نے حمایت میں ووٹ دیئے اور کہا کہ وزیراعظم تھریسامے کا ڈرافٹ پلان ہی مسئلے کا بہترین حل ہے سکاٹش پارلیمنٹ نے اگرچہ اکثریت کے ساتھ وزیراعظم تھریسامے کے پلان کو مسترد کردیا ہے، لیکن اس کا کوئی متبادل پلان نہیں دیا اور کہا ہے کہ اس بارے میں ایک نئی اور بہتر ڈیل تیار کی جائے، کیونکہ بغیر کسی ڈیل کے یورپی یونین سے نکلنا برطانیہ کے لئے نہایت مضر اثرات کا حامل ہوگا۔ سکاٹش نیشنل پارٹی نے کہا ہے کہ وہ سنگ مارکیٹ و کسٹمز یونین میںرہنے یا پھر بدستور یورپی یونین میں شامل رہنے کے لئے ایک نئے ریفرنڈم یا پھر نئے جنرل الیکشن کے حق میںہے۔ واضح رہے کہ سکاٹش پارلیمنٹ کا بریگزٹ بل کو مسترد کرنا اگرچہ محض علامتی ہے لیکن یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے، بریگزٹ کے بارے میںفیصلہ کرنے کا اختیار صرف برطانوی پارلیمنٹ کوہے جو اس بارے میں گیارہ دسمبر کو ووٹنگ کرائے گی۔