مقام مصطفیٰ ﷺسمجھنے کیلئے قرآن کا مطالعہ ضروری ہے، ڈاکٹر فضل حنان

December 07, 2018

اوسلو (پ ر) بزم نقشبند اوسلو کے مرکز پر میلاد مصطفیٰﷺ کانفرنس منعقد کی گئی اس موقع پر مرکز کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ میلاد النبی ﷺ کانفرنس میں بڑی تعداد میں عاشقان رسولﷺ نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز قاری نور علی سیالوی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا ۔ حضور نبی کریم ﷺ کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول ظفر اقبال خان، یٰسین سعید اور پاکستان سے تشریف لائے ہوئے معروف مہمان نعت خواںعابد معصومی نے نچھاور کئے۔حاضرین اپنے جذبات کا اظہار نعرہ تکبیر و رسالتؐ سے کرتے رہے۔میلاد کانفرنس کے مہمان خصوصی پاکستان سے تشریف لائے ہوئے ڈاکٹر علامہ فضل حنان سعیدی تھے ۔ انہوں نے خوبصورت انداز میں اپنےمدلل خطاب میں ادب مصطفیٰ ﷺ اور مقام مصطفیٰ ﷺ کو قرآن و حدیث سے اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے جب بھی آقائے دو جہاں ﷺ کو مخاطب فرمایا تو انداز خطاب اور اسلوب قرآن بدل گیا۔ حضور نبی کریم ﷺ کو ذاتی نام مبارک کی بجائے مختلف صفات و القابات سے مخاطب کیا ۔ کبھی یا ایھا النبی، یا ایھاالرسول فرما کر اپنے محبوب کو یاد کیا گویا حضور ﷺ کی تعظیم و تکریم اور توقیر بجا لانا تعلیمات قرآن کی تعمیل ہے۔ علامہ وقار علی نے بھی میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے خطاب کیا۔ میلاد کانفرنس میں اوسلو اور گرد ونواح سے علمائے کرام نے بھرپور شرکت کی۔پروگرام کی نقابت کے فرائض بزم نقشبند کے امام و خطیب علامہ نصیر احمد نوری نے احسن انداز میں سر انجام دئیے۔ پروگرام کا اختتام درود و سلام سے کیا گیا اورمہمانوں کی تواضع کے لیے بہترین انتظام کیا گیا تھا۔