’حکومت کو وقت دیا جائے‘

December 10, 2018

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں سابق قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ حکومت کی ڈائریکشن کاپتہ چلے گا لیکن اسے وقت تو دیا جائے، وزراء کے آپس میں اختلافات کوئی بڑی بات نہیں،100 دن صدارتی نظام میں دیئے جاتے ہیں، پارلیمانی نظام میں نہیں۔

چوہدری اعتزاز احسن نے لاہور ہائیکورٹ بار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی نظام میں صدر کے پاس لامحدود اختیارات ہوتے ہیں، پارلیمانی نظام میں تمام فیصلے پارلیمنٹ کرتی ہے۔

اعتزاز احسن نے واضح کیا کہ سندھ آہنی دیوار کی طرح پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑا ہے، جبکہ پنجاب میں ن لیگ کی حکومت تھی، اب تحریکِ انصاف کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں سالہا سال سے عوام پیپلز پارٹی کو منتخب کر رہے ہیں، اسی وجہ سے لوگ گھبرا رہے ہیں۔