ایسا نظام لارہے ہیں ہر واردات ریکارڈ ہوگی، پولیس چیف کراچی

December 12, 2018

کراچی پولیس چیف امیر شیخ کا کہنا ہےکہ چینی قونصلیٹ پر حملے میں استعمال گاڑی کا مالک چھ سال پہلے مرچکا ہے ارو گاڑی ابھی تک اسی مرے ہوئے شخص کے نام پر چل رہی تھی۔

تقریب سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ ایسا نظام لارہے ہیں کہ ہر جرم کی واردات ریکارڈ ہوگی۔

کراچی میں اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں اینٹی کار لفٹنگ سیل کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں چوری اورچھینی گئی 20سے زائد گاڑیاں، 70 سے زائد موٹر سائیکلیں مالکان کے حوالے کی گئیں ۔

تقریب کے مہمان خصوصی کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیسنگ ایک چینل ہے،پولیسنگ کو سیکیورٹی کا کام دیا گیا ہے، پاکستان میں سیکیورٹی انفراسٹرکچر کی بہت ضرورت ہے، سیف سٹی پروجیکٹ اب بھی کراچی میں نہیں ہے، شہر میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چینی قونصلیٹ پر حملے میں استعمال گاڑی کا مالک چھ سال پہلے مرچکا، گاڑی ابھی تک اسی مرے ہوئے شخص کے نام پر چل رہی تھی، جس کے ساتھ حادثہ ہوتا ہے اس کو بھلا دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پی ایل سی اور پولیس جرائم کو ریکارڈ کرتے ہیں، کئی جرائم کی وارداتیں ریکارڈ نہیں ہوتیں، ایسا نظام لارہے ہیں کہ ہر جرم کی واردات ریکارڈ ہوگی، ایک ایپ کے ذریعے جرائم کی واردات کو درج کرایا جاسکے گا، پولیس خود متاثرین سے شکایت کے بعد رابطہ کرے گی۔