ملاقات کیلئے اپوزیشن ارکان اسمبلی کا خط، چیئرمین نیب ملنے کیلئے تیار

December 19, 2018

اسلام آباد (طاہر خلیل) اپوزیشن جماعتوں نے احتساب کے جاری عمل کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے اس بارے میں باضابطہ طور پر چیئرمین قومی احتساب بیورو کو خط لکھ دیا۔ جس پر چیئرمین نیب جاوید اقبال نے اپوزیشن سیاستدانوں سے ملاقات کیلئے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ غیر منطقی، یکطرفہ اور متعصبانہ احتساب کا عمل سیاسی انتقام کے مترادف ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال نے اپوزیشن سیاستدانوں سے ملاقات کیلئے رضا مندی ظاہر کر دی، منگل کو چیئرمین نیب کو اپوزیشن سیاستدانوں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، رانا ثنا اللہ ، (مسلم لیگ ن ) نوید قمر، شازیہ مری ( پی پی پی )، مولانا اسعد محمود ، شاہدہ اختر علی (جےیو آئی ) ، اختر مینگل (بی این پی) نے چیئر مین نیب کو ملاقات کیلئے خط لکھا کہ فوری اور سنگین صورتحال سے آگاہ کرناہے، خط میں اپوزیشن رہنمائوں کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے ارکان پارلیمان کو ہراساں کرنے اور انتقام کا نشانہ بنانے کی طرف آپ کی توجہ مبذول کرنا چاہتے ہیں، خط میں کہا گیا کہ نیب کے متنازع ، غیر منصفانہ اور معمول سے ہٹ کر ہونے والے اقدامات پاکستان میں جمہوری عمل کو متاثر و کمزور کر رہے ہیں، حزب اختلاف پختہ یقین پر کاربند ہے کہ کوئی شخص قانون سے بالا تر نہیں اور ملک میں احتساب کے عمل کی مکمل حمایت کرتی ہے، اپوزیشن احتساب کے عمل کو عوام کے مفاد کے تحفظ کیلئے ضروری تصور کرتی ہے غیر منطقی، یکطرفہ، متعصبانہ احتساب کو عمل صرف اپوزیشن ارکان پر دبائو اور سیاسی انتقام کیلئے استعمال ہو تو یہ پارلیمان کی خودمختاری اور بالادستی کیلئے خطرہ بن جاتا ہے۔