کراچی میں سردی بڑھنے کے بجائے کم

December 27, 2018

کراچی میں سردی بڑھنے کے بجائے کم ہونے لگی، جہاں درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ پر آگیا۔

سرد موسم میں کمی کے باوجود موسمی بیماریاں، نزلہ، زکام، کھانسی، گلے اور سانس کے امراض میں اضافہ ہوا ہے۔

شہر قائد میں دن میں موسم خوشگوار رہتا ہے البتہ رات میں کچھ خنکی بڑھ جاتی ہے جس میں علی الصبح اضافہ ہو جاتا ہے، شہر میں گرم کپڑوں، سوئٹرز، لیدر جیکٹس کا استعمال نہ ہونے کے برابر ہے۔

ملک کےشمالی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، سردترین مقام اسکردو رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

استور میں منفی 8، گوپس اور قلات میں منفی7، کالام اور گلگت میں منفی 6، راولاکوٹ میں منفی 5، کوئٹہ، دیر اورہنزہ میں منفی 4، مری اور مالم جبہ میں منفی 3ڈگری رہا۔

اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت صفر، پشاور میں ایک اور لاہور میں 4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ادھر پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند چھائی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر گاڑیاں چلانا دشوار ہوگیا ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے کئی میدانی علاقوں میں رات گئے ہی دھند پڑناشروع ہو گئی، شدید دھند کے باعث لاہور تاکوٹ مومن، پنڈی بھٹیاں تا فیصل آباد اور فیصل آباد تا گوجرہ موٹر وے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ۔

موٹروےپولیس کے ترجمان کے مطابق شدید دھند کے باعث لاہور تا کوٹ مومن، پنڈی بھٹیاں تا فیصل آباد، فیصل آباد تا گوجرہ اور ایم ون پشاور تا رشکئی موٹر وے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

اسی طرح خانیوال تا ملتان موٹر وے بھی شدید دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے۔

لودھراں، ساہیوال، بہاولپور، پھول نگر، جمبر، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی اور میاں چنوں سمیت دیگر علاقے بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔

موٹر وےپولیس کا کہنا ہےکہ شہری گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔

موٹر وےپولیس نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ موٹر وے پر سفر سے قبل موبائل ایپلی کیشن، ایف ایم 95 ریڈیو اور ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔