فرخ سبزواری، سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن کے نئے سربراہ مقرر

December 27, 2018

وفاقی حکومت نے فرخ سبزواری کو سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن کا نیا سربراہ مقرر کر دیا ہے، اس سے پہلے وہ بی ایم اے کیپیٹل منیجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو افسر رہ چکے ہیں جو پاکستان کی بڑی فائنانشل سروسز کمپنیوں میں سے ایک ہے۔

فرخ سبزواری نے سات برسوں تک کریڈٹ سوئس سیکیورٹیز سنگاپور میں ذمہ داریاں سنبھالیں۔ وہ اس ادارے میں دو ہزار سترہ تک ڈائریکٹر رہے۔ اس سے پہلے وہ کے اے ایس بی سیکیورٹیز کے سی ای او تھے جس کی میرل لنچ سے پاکستان میں شراکت تھی۔ یہاں وہ چار سال رہے۔ انھوں نے سی ایل ایس اے نامی انوسٹمنٹ فرم میں بھی آٹھ سال گزارے۔

وفاق کابینہ نے ایس ای سی پی کے چیئرمین کے لیے جمعرات کو انکے نام کی منظوری دی،فرخ سبزواری اس سے قبل اہم مالی اور کیپیٹل منیجمنٹ کے اداروں میں فرائض انجام دے چکے ہیں ۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں اسٹیل مل کیلئے ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی ، اور ایف آئی اے کے لیے پانچ کروڑ روپےکی خصوصی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی،جبکہ موبائل فون کمپنیوں کےلائسنس کی تجدید کے لیے طریقہ کار بھی وضع کردیا گیا۔