کراچی: فائرنگ سے 1شخص جاں بحق، ایس ایچ او سمیت 6 گرفتار

January 03, 2019

کراچی کے علاقوں بہادر آباد، گڈاپ ٹاؤن اور سہراب گوٹھ میں پولیس کے چھاپوں کے دوران سی ٹی ڈی سول لائن کے ایس ایچ او رانا اشفاق اور سہراب گوٹھ سے 2 خواتین سمیت6 کو گرفتار کر لیا۔

کورنگی نمبر 2زمان ٹاؤن میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ 1 شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ ڈیفنس پولیس کی حراست میں مبینہ طور پر ڈرائیور کے جاںبحق ہونے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ان واقعات پر آئی جی سندھ کلیم امام نے ڈی آئی جی سائوتھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ۔

پولیس نے بہادر آباد میں واقع ایک گھر پر چھاپے کے دوران 2 کروڑ روپے مالیت کی نقد رقم سمیت دیگر اشیاءلوٹنے کی شکایت پر سی ٹی ڈی سول لائنز کے ایس ایچ او رانا اشفاق کو گرفتار کر لیا جبکہ 3اہلکاروں سمیت دیگر ملزمان فرار ہوگئے، واقعے کا مقدمہ نیوٹائون تھانے میں درج ہے۔

گڈاپ ٹاؤن اور سہراب گوٹھ میں پولیس نے کارروائی کے دوران 2 خواتین سمیت5 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان عابد اور سجاد کے قبضے سے چرس ملی ہے جبکہ خاتون رانی اور فوزیہ سمیت 3 ملزمان کو فحاشی کے اڈے سے گرفتار کیا گیا ہے۔

کورنگی نمبر 2 میں میڈیکل اسٹور پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے فدا حسین نامی شخص بازو میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جو کہ خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے اسپتال پہنچنے سے پہلے دم توڑ گیا۔

واقعے کی ایم ڈبلیو ایم نے شدید مذمت کی ہے اور شہر میں بڑھتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر تشویش کا اظہارکیا ہے۔