’منتیں کی جارہی ہیں کہ جو لینا ہے لو، ہمیں لندن جانے دو‘

January 10, 2019

وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ’منتیں کی جارہی ہیں کہ جو لینا ہے ہم سے لو، ہمیں لندن جانے دو، قومی کھیل ، پھول کی طرح قومی مجرم کی بھی حفاظت کرنا پڑتی ہےـ‘۔

لاہور میں وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے صحافیوں سےایک بار پھرچند روز پہلے پیش آئے واقعے پر معافی مانگی۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز کے تایا کے خلاف جے آئی ٹی نے شواہد پیش کیے،پنجاب اسپیڈ کا نام کرپشن ، لوٹ مار کی وجہ سے تھا، حمزہ شہباز اپنی گزشتہ حکومت میں کرپشن اور لوٹ مار کا حساب کتاب دیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پنجاب کو 12سو ارب کا مقروض چھوڑ کر گئے ہیں، شہبازشریف نے جو حساب کتاب دینا ہے وہ دیں،یو اے ای کے ولی عہد کا دورہ ان سے ہضم نہیں ہورہا ،ان کی غلط فہمی تھی کہ کوئی ان کے بغیر نہیں ملے گا، یو اے ای سعودی عرب اور چین نے دیکھا ہے کہ دیانتدار قیادت آئی ہے، ان شاء اللہ پاکستان عمران خان کی قیادت میں ترقی کرے گا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نوازشریف ہمعہ اہل وعیال سو سو بندے لےکر دورے کیا کرتے تھے،دوسرے ملک حیران ہوگئے کہ وزیر اعظم مختصر وفد کے ساتھ آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ جھوٹے اعداد و شمار پیش کرکے گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ن لیگ کی 75سو کارکن نوازشریف سے ملنا چاہتے ہیں،سکیورٹی ایشو کی وجہ سے ہر کسی کو ملنے نہیں دیا جاسکتا۔