نجی اسکولوں کو 10فیصد اسکالر شپ دینے کا پابند بنایا جائے گا،وزیر تعلیم

January 11, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر تعلیم سیدسردار شاہ نے کہا ہے کہ فیسوں میں کمی سے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل در آمد نہ کرنے پر سٹی اسکولز کے 65 اور بیکن ہاس والوں کے 56اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کی گئی ہے،انھوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے پرائیوٹ اسکولوں کو تعلیمی فیسوں میں کمی کرکے انہیں واپس یا ایڈجسٹ کرنے سے متعلق جو عبوری حکم جاری کیا ہے سندھ کا محکمہ تعلیم اس پر عمل درآمد کرانے کے لئے ضروری اقدامات کرریا ہے ،تمام اسکولوں کو عدالتی حکم پر نوٹس جاری کیے گئے،جمعرات کو سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی خاتون رکن تنزلہ ام حبیبہ کے ایک توجہ دلا نوٹس کا جواب دے رہے تھے۔وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پرائیوٹ اسکولز کو عبوری طور پر یہ حکم دیاگیا تھا کہ وہ فیسوں میں20فیصد کمی کریں،انہوں نے کہا کہ ہم اسکالر شپ جیسے معاملات پر بھی نجی اسکولوں کو قواعد کا پابند بنانے کی کو شش کررہے ہیں کہ کسی اسکول میں دو ہزار طلبہ کی رجسٹریشن ہے توان پر لازم ہے کہ کم از کم 200 بچوں کو اسکالر شپ دیں۔