نواز شریف کو انجائنا کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے، ذاتی معالج

January 11, 2019

کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت سے متعلق ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سخت تشویش میں مبتلا ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کو بازو میں وقفے وقفے سے تکلیف کی شکایت ہے، ان کے ذاتی معالج کو ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

نوازشریف کے ڈاکٹر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو انجائنا کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے،عارضہ قلب کے مریض کے بازو میں مسلسل درد خطرے کی بات ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عدنان صبح سے شام تک ملاقات کے لئے انتظار کرتے رہے،نواز شریف کے ذاتی معالج نے جیل حکام کو سابق وزیراعظم کی صحت کے بارے میں سنگین خدشات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق جیل کے میڈیکل افسر نے ڈاکٹر عدنان کو جواب دیا کہ یہ لاک اپ ٹائم ہے کچھ نہیں کرسکتا،آپ پیر کو نواز شریف سے ملاقات کی کوشش کریں۔

جیو نیوز سے گفتگو میں ڈاکٹر عدنان نے نواز شریف کی صحت کی خرابی کے بارے میں تصدیق کی اور کہا کہ سارا دن انتظار کے بعد بھی ان کی ملاقات نہیں کرائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف تک فوری رسائی کی اشد ضرورت ہے، سابق وزیراعظم کی صحت کے حوالے سے کوئی بھی خطرناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹر عدنان نے بتایا کہ جیل حکام نے شام 5 بجے جیل میں تعینات میڈیکل افسر سے بات کرائی ہے۔