ہفتے کا مندی پراختتام،100انڈیکس میں 41 پوائنٹس کی معمولی کمی

January 12, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا اختتام مندی پر ہوا ، 100انڈیکس میں 41پوائنٹس کی معمولی کمی ،مندی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے 19ارب ایک کروڑ روپے سے زائدڈوب گئے ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 1.28فیصد زائدجبکہ 50.14فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہائوسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی،فرٹیلائزر،بینکنگ سمیت اوردیگرمنافع بخش سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، اتارچڑھائو کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام پر 100 انڈیکس 41.20پوائنٹس کمی سے 39049.08پوائنٹس پر بندہوا۔مجموعی طور پر 349کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 142کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 175کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 32کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں 19ارب ایک کروڑ 40لاکھ 78ہزار 635روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 78کھرب 77ارب 71کروڑ 40لاکھ 87ہزار 185روپے ہوگئی۔جمعہ کومجموعی طور پر 12کروڑ 35لاکھ 77ہزار 160 شیئرز کا کاروبارہوا،جوجمعرات کی نسبت ایک کروڑ 15لاکھ 25ہزار 690 شیئرززائدہیں۔قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے وائتھ پاک لمیٹڈکے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت 40.37روپے اضافے سے 1029.00روپےہوگئی۔