دہلی،پاکستانی سفارتکار کی گرفتاری و رہائی کا غذات پر زبردستی دستخط لئے،پاکستان کا احتجاج

January 14, 2019

کراچی(نیوزڈیسک، خالد محمود خالد)پاکستان کے ساتھ مذاکرات سے مسلسل آنکھیں چرانے والا بھارت اب سفارتی آداب بھی بھول گیا ہے،بھارتی اہلکاروں نے نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں تعینات اہلکار کو گرفتار کر کے کئی گھنٹوں تک حبس بیجا میں رکھا اور اس دوران کچھ کاغذات پر زبردستی دستخط بھی کروائے، پاکستان حکام کی جانب سے معاملہ بھارتی وزارت خارجہ کے سامنے اٹھانے پر پاکستانی اہلکار کی رہائی عمل میں آئی۔سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے ہائی کمیشن کے اہلکار کی گرفتاری پر بھارت سے شدید احتجاج کیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اہلکار کی گرفتاری کو ویانا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے بھارت پر واضح کر دیا کہ ایسےکسی بھی واقعے پر جواب کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ذرائع کے مطابق سفارتکارمعمول کی شاپنگ کے لئے نئی دہلی کی ایک مارکیٹ میں گئے جہاں پہلے سے طے شدہ منصوبہ کے تحت ایک نوجوان بھارتی خاتون جان بوجھ کر پاکستانی سفارتکار کے ساتھ ٹکرائی اور وہاں پر گالی گلوچ شروع کر دی۔پاکستانی سفارتکارنے اپنی غلطی نہ ہونے کے باوجود اس خاتون سے معذرت کی لیکن اس کے باوجود اس نے وہاں پر لوگوں کی بھیڑ اکٹھی کر لی جس کے بعد پولیس بھی وہاں پر آگئی اور پاکستانی سفارتکار کو زبردستی اپنی گاڑی میں بٹھا کر مقامی تھانے لے گئی ۔ پاکستانی سفارتکار نے اس کارروائی پر سخت احتجاج کیا لیکن بھارتی پولیس نے ان کا احتجاج سراسر نظرانداز کرتے ہوئے ان کے ساتھ انتہائی نامناسب رویہ اختیار کیا اور ان کو تھانے کے اندر بنچ پر بٹھا دیا۔ذرائع کے مطابق مذکورہ آفیسر سے دو سادے کاغذات پر دستخط کروائے گئے۔ ادھربھارتی دفتر خارجہ کے حکام نے پاکستانی سفارتکار کو گرفتار کئے جانے کی تردید کی اور کہا کہ واقعے کا بھارتی حکام سے کوئی تعلق نہیں جب کہ مذکورہ واقعہ کی ایک عام شہری نے درخواست دی جس پر پولیس نے کارروائی کی۔