کونسلر محمد عظیم برمنگھم سٹی کونسل کے لئے لیبر لارڈ میئر نامزد

January 16, 2019

برمنگھم (ابرارمغل/ نمائندہ جنگ) لیبرپارٹی نے کونسلر محمد عظیم کو برمنگھم سٹی کونسل کا لارڈ میئر نامزد کردیا وہ آئندہ مئی میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیںگے۔ یاد رہے کہ کونسلر محمد عظیم یورپ کی سب سے بڑے لوکل اتھارٹی اور برطانیہ کے دوسرے بڑے شہربرمنگھم کے چوتھے مسلمان اور برٹش پاکستانی کشمیری لارڈ میئر ہیں ان کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقہ ڈڈیال موضع سیاکھ سے ہے۔ 1992میں لیبرپارٹی جوائن کی 2004میںپہلی بار لیبرپارٹی کے ٹکٹ پر سپارک بروک وارڈسے کونسلر منتخب ہوئے تھے۔وہ تقریباً پندرہ برسوں سے سٹی کونسل میںنمائندگی کررہے ہیں۔ اس نامزدگی پر کونسلر محمد عظیم کا کہنا تھا کہ میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے، میری کوشش ہوگی کہ اس کثیرالثقافتی شہر میں آباد تمام کمیونٹیز کو اپنے ساتھ لیکر چلوں گا۔ یاد رہے کہ کہ کونسلر محمد عظیم سٹی کونسل کے 110ویں لارڈمیئر اور چوتھے نمبر پر پاکستانی و کشمیری نژاد چوتھے مسلمان لارڈ میئر ہیں جو نامزد کئے گئے۔ ان سے قبل کونسلر خواجہ محمود حسین، کونسلر عبدالرشید جے پی، کونسلر شفیق شاہ لارڈمیئر جیسے عہدوںپر فائز رہ چکے ہیں۔ برطانیہ میںسب سے پہلے محمد عجیب بریڈفورڈ کے لارڈمیئر بنے تھے، انہیں پہلا پاکستانی و مسلم لارڈمیئر ہونے کا اعزاز حاصل ہے اسکے بعد جیسے پاکستانی کمیونٹی کیلئے دروازے ہی کھل گئے ہوں آج متعدد شہروں کے میئر، لارڈز میئرز، ہائوس آف لارڈز اور پارلیمنٹ میں بڑی تعداد میں نمائندگی موجود ہے۔ کونسلر محمد عظیم کی نامزدگی پر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے کنونیر راجہ اسحق صابر، پیرمحمد طیب الرحمٰن قادری، کونسلر محمد فاضل اور دیگر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ہمارا ایک بھائی اور دوست شہر کے سب سے بڑے عہد پر براجمان ہے۔