اگلے تین ماہ میں برطانوی ہائوسنگ مارکیٹ آئوٹ لک بدترین رہنے کا انتباہ

January 18, 2019

لندن (پی اے) رائل انسٹی ٹیوشن آف چارٹرڈ سرویئرز ( آر آئی سی ایس) نے متنبہ کیا ہے کہ اگلے تین ماہ میں ہائوسنگ مارکیٹ آئوٹ لک 20برسوں میں بدترین ہوگا۔ آر آئی سی ایس کے ارکان کا کہنا ہے کہ اگلے تین ماہ میں ہائوسنگ مارکیٹ میں فروخت میں کمی آئے گی اور یہ اکتوبر 1998کے بعد، جب سے ریکارڈ رکھنے کا آغاز ہوا، مارکیٹ کی پست ترین ریڈنگ ہے۔ ہائوسنگ مارکیٹ میں مندی کا رجحان جاری رہے گا، جس کا سبب بریگزٹ کی غیر یقینی صورت حال کو بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ اگلے تین ماہ میں برطانیہ کے تمام حصوں میں ہائوسنگ مارکیٹ میں فروخت فلیٹ رہےگی۔ مارکیٹ میں گھروں کی سپلائی اور ایفورڈایبلٹی بھی صورت حال کو متاثر کر رہی ہے سرویئرز کی کچھ تعداد نے یہ بتایا ہے کہ دسمبر میں ہائوسنگ پرائسز بڑھنے کے بجائے کم ہوئی ہیں۔ 19فیصد سرویئرز کے مطابق قیمتوں میں کمی آئے گی۔ 11فیصد نے نشان دہی کی کہ مسلسل چوتھے مہینے ہائوس پرائس ریڈنگ منفی رہی۔ دسمبر میں نئے خریداروں کی انکوائریز میں بھی کمی آئی۔ مارکیٹ میں نئی پراپرٹیز کی آمد میں بھی کمی ہوئی ہے۔ آر آئی سی ایس کے سائمن رابنسن نے کہا کہ مسلسل چھٹے مہینے نئی پراپرٹیز میں کمی آئی ہے۔ فی الوقت بریگزٹ کی غیریقینی صورت حال کے بارے میں خبریں ٹاپ پر ہیں اور یہ مارکیٹ پر بھی اثرانداز ہو رہی ہیں۔ او این ایس کے رواں ہفتے کے اوائل میں شائع ہونے والے اعداد وشمار کے مطابق اکتوبر میں یوکے ہائوس پرائس 230630پونڈ تھی، جو ماہ بہ ماہ 0.1فیصد کم ہوئی ہے۔ سیلز ایجنٹس پر امید ہیں کہ اگلے 12ماہ میں فروخت میں اضافے کے امکانات ہیں تاہم موجودہ صورت حال میں ہائوس ڈیولپرز نئی سپلائی کو پائپ لائن میں لانے میں ہچکچاہٹ محسوس کر رہے ہیں۔