امریکا، افغان طالبان مذاکرات، اگلا دور اسلام آباد میں ہوگا

January 18, 2019

فائل فوٹو

امریکی ایلچی زلمے خلیل زاد کے دورہ پاکستان میں بڑی پیشرفت سامنے آگئی،افغان طالبان اور امریکا کے مذاکرات کا اگلا دور اسلام آباد میں ہوگا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق افغان طالبان سے اسلام آباد میں مذاکرات کی خواہش امریکی ایلچی زلمے خلیل زاد نے کی تھی،جو پاکستان نے منظور کرلی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق مذاکرات میں افغان طالبان کے 10 سے زائد رہنماوں پر مشتمل وفد شریک ہوگا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کو بھی شامل کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں زلمے خلیل زاد نے طالبان سے مذاکرات میں مدد دینے پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا افغانستان میں امن کےلئے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کےلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔

یاد رہے کہ امریکی ایلچی زلمے خلیل زاد کئی بار دورے کے شیڈول میں تبدیلی کے بعد اسلام آباد پہنچے ہیں۔

گزشتہ دونوں یہ خبر بھی آئی تھی کہ افغان طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات ایجنڈے پر اتفاق نہ ہونے کے باعث منسوخ کردیے ہیں۔