ایئر پورٹس پر شراب کی فروخت آئین کی خلاف ورزی ہے، مدثر بصیر

January 19, 2019

برمنگھم (پ ر) پاکستان رابطہ کونسل مڈ لینڈ زکے سیکریٹری مدثر بصیر نے کہا ہے کہ پاکستانی ایئر پورٹس پر شراب کی فروخت کی اجازت دینا آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان کا کوئی بھی قانون اسلام کے خلاف نہیں بن سکتا، عمران خان حکومت نے پہلے شراب بل کی مخالفت کی اور اب شراب کھلے عا فروخت کرنا دو قومی نظریے اور جس مدینے کی ریاست کا عمران خان اعلان کرتے رہے ہیں اس کے خلاف ہے۔ اہل پاکستان کو اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جو عوام سے وعدے کیے تھے کسی ایک پر بھی عمل نہیں ہوا، اپنے منشور کو چھوڑ کر ایسے کام شروع کردیے ہیں جو ملک اور قوم کے لیے نقصان دہ ہیں، پاکستان اسلامی جمہوریہ ہے، عمران خان خطرناک راستے پر چل پڑے ہیں، اگر عوام نے اس کا نوٹس نہ لیا تو پوری قوم پچھتائے گی، عمران خان کا اصل ایجنڈا اب کھل کر سامنے آگیا ہے۔ مدثر بصیر نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کو چھوڑا جارہا ہے، آصف زرداری کے مقدمات ختم کیے جارہے ہیں، بلاول زرداری کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا ہے۔ اس وقت صرف ن لیگ کے خلاف کارروائیاں ہورہی ہیں، زرداری نے ایسا دھمکایا ہے کہ حکومت نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں، کرپشن کا کوئی پیسہ ملک واپس نہیں آیا، ملک میں سرمایہ کاری میں کمی ہوتی جارہی ہے اور عمران خان کو اپنے اکائونٹس سامنے آگئے ہیں اور علیمہ خان کی جائیداد نے عمران خان کے لیے مشکلات پیدا کردی ہیں۔