میونسپل کارپوریشن کی عدم دلچسپی، پرانا شجاع آباد روڈ پر تجاوزات مافیا کا قبضہ، ٹریفک جام معمول

January 19, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن کی عدم دلچسپی کے باعث پرانا شجاع آباد روڈ پردوبارہ تجاوزات مافیا نے قبضہ کرلیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جام معمول بن گیا ہے ، ڈبل پھاٹک تا فاروق پورہ چوک تا سیکڑوں ریڑھیاں لگا کر روڈ بلاک کردیا گیا ہے جس کے باعث کروڑوں روپے کی لاگت سے بنایا جانیوالا دو رویہ روڈ اپنی اہمیت کھونے لگا ہے ، شہریوں نے میونسپل کارپوریشن کی عدم دلچسپی پر ڈی سی مدثر ریاض ملک کو کارروائی کرنے کا مطالبہ کردیا ہے، شہری محمد عدیل ، عبدالرحمنٰ، محمد عمر جمیل نے کہا کہ حکومت نے کروڑوں روپے کی لاگت سے اسٹیٹ آف دی آرٹ سٹرک تعمیرکی ہےلیکن آفیسران کی غفلت کے باعث عوام کشادہ سٹرک کے ثمرات سے فائدہ نہیں اٹھا پا رہے،سیکڑوں ریڑھیاں سٹرک پر کھڑی کر کے روڈ بلاک کردیا جاتا ہے جس سے پل اترتے ہی ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے، چوہدری حبیب اللہ، رانا ناصر، شیخ گوہر علی، چوہدری اکرام اللہ نے کہا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کا عملہ پرانا شجاع آباد روڈ سمیت دیگر سٹرکوں پر ریڑھیوں سے بھتہ وصولی کررہا ہےاور اکثر ریڑھی مافیا کو سیاسی آشیر باد بھی حاصل ہے، ڈی سی ملتان نوٹس لیں اور اپنی سرپرستی میں تجاوزات کے خلاف کاروائی کرائیں، اخلاق حسن چوہان، زبیر حسن چوہان، ظہیر احمد، محمد طفیل نے کہا کہ ڈبل پھاٹک سے فاروق پورہ چوک سٹرک کے دونوں اطراف تجاوزات مافیا نے قبضہ کر رکھا ہے اور دو رویہ سٹرک سکڑ گئی ہے جس سے لوگوں کو آمدو رفت میں مشکلات کا سامنا ہے اور جھگڑے معمول بن گئے ہیں میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کو متعدد بار شکایات کے باوجود کارروائی نہیں کی جارہی ، ضلع حکومت اور میئر ملتان نوٹس لیں اور تجاوزات مافیا اور بھتہ مافیا کے خلاف کارروائی کریں ۔