سی پیک پر پاکستان اور چین کے درمیان کوئی اختلاف نہیں،شاہ محمودقریشی

January 20, 2019

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سی پیک پر پاکستان اور چین کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ،چین کے ساتھ ہمارے تعلقات ہمیشہ سے اچھے تھے اور وہ ایک نئی حد کو چھونے والے ہیں اور کسی قسم کا کسی کو کوئی وہم وگمان ہے تو وہ ذہن سے نکال دے۔ افغان امن کیلئے انٹرا افغان ڈائیلاگ ضروری ہیں، پاکستان میں امریکہ طالبان نشست کا امکان ممکنات میں ہے، پاک قطر تعلقات کا اثر دوست ممالک پر نہیں پڑے گا،ہم سب کے خیر خواہ ہیں اور ہم کسی کا نقصان نہیں چاہتے اور ہمارے منفی عزائم یا سوچ نہیں ، روس کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی بہتری کے روشن امکانات ہیں، میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں بتدریج تبدیلی اور بہتری دیکھ رہا ہوں۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قطر کے ساتھ دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد قطر میں رہتی ہے اور روزگار سے وابستہ ہے اور پاکستان میں زرمبادلہ بھیجتی ہے ۔ ا نہوں نے کہا کہ میرے حالیہ دورہ قطر میں میری قطر کے وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور نائب امیر سے ملاقات ہوئی تھی وہاں ایک اچھا امکان روشن ہوا کہ قطر مزید پاکستانیوں کو گنجائش دینے کے لیے تیار ہے اور امکان ہے ایک لاکھ کے قریب پاکستانیوں کو وہاں کھپایا جا سکتا ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ قطر کے ساتھ تجارت بھی بڑھائی جا سکتی ہے۔