حکمرانوں نے سیاسی مفادات کیلئے پولیس کو غنڈہ فورس بنا دیا، فضل الرحمٰن

January 21, 2019

لاہور، چیچہ وطنی(نمائندگان جنگ)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نےسانحہ ساہیوال کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اپنے سیاسی مفادات کیلئے پولیس کو غنڈہ فورس میں بدل دیا ہے۔پولیس کا ریکارڈ ہےکہ جب اسے حکمرانوں کی شہہ ملتی ہے تو وہ بےلگام ہوجاتی ہے، پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے پولیس کو سیاسی مفادات کیلئے استعمال کرکے غلط راستے پر لگایاہوا ہے ،ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت ملزمان کو اسی جگہ سزا دے کر ورثاءکو انصاف مہیا کرے۔ گزشتہ روز اپنی پارٹی کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات حبیب اللہ چیمہ سے سانحہ کی تفصیلات لیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت عدل فاروقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کو اسی جگہ سزا دے کر ورثاءکو انصاف مہیا کرے، ملک میں امن و امان کی تباہ کن صورتحال کو کنٹرول کرنے کی بجائے عوام کی قتل و غارت شروع ہوچکی ہے جس سے حالات خانہ جنگی کی طرف بڑھیں گے، انہوں نے سانحہ ساہیوال کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔