’نیب کی وابستگی صرف ریاست پاکستان سے ہے‘

January 23, 2019

چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کی وابستگی کسی سیاسی پارٹی سے نہیں صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔

چیئرمین جاوید اقبال نے نیب لاہور بیورو کا دورہ کیا،ڈی جی نیب شہزاد سلیم نے انہیں میگا کرپشن مقدمات پر اب تک کی پیشرفت پر بریفننگ دی۔

اس موقع پر چیئرمین نیب نے لاہور کے تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز سے خطاب کیا اور کہا کہ نیب آئین اور قانون کےمطابق فرائض انجام دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسران ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائیں،نیب کا مقصد بدعنوان عناصرسے لوٹی گئی قومی دولت کی برآمدگی اور خزانےمیں جمع کرانا ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مزید کہا کہ ہر شخص کی عزت نفس کا خیال رکھنے پر یقین رکھتے ہیں تاہم نیب کا مقصد بدعنوان عناصر کو انصاف کےکٹہرے میں کھڑا کرنا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم کسی قسم کے تشدد پر یقین نہیں رکھتے،نیب حوالات میں ملزمان کوجیل مینول سے زائد سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ وائٹ کالر کرائمز میں تحقیقات قانون کے مطابق ٹھوس شواہد پر مبنی ہوتی ہیں،اس کے لئے تفتیشی افسران کو باقاعدہ کورسز کرائے جاتے ہیں۔

جاوید اقبال نے کہا کہ جہاں قانون کے مطابق کیس بنتاہےکسی خوف اوردباؤ کی پرواہ کیے بغیر میرٹ پر کیس بنائینگے، جہاں کیس نہیں بنتا اسے قانون کے مطابق بند کر دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے ہر ریجن میں علیحدہ طورپر شکایت سیل قائم کر دیےگئےہیں،شکایت سیل میں روزانہ 2سے 3بجے کے دوران متعلقہ ڈائریکٹراوراسٹاف شکایات سنے گا۔

چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ کےسب سےبڑے فیک اکاونٹس کیس کی تحقیقات کا قانون کے مطابق آغازکر دیا ہے، کیس کی سپریم کورٹ سے نیب منتقلی ادارے پر اعتماد کی عکاسی ہے۔