اورکزئی میں سول وٹرنری ڈسپنسریوں کی مرمت و بحالی کےمنصوبے مکمل

January 24, 2019

پشاور ( وقائع نگار )قبائلی ضلع اورکزئی کی انتظامیہ مقامی کاشتکاروں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق کہ فاٹا سیکرٹریٹ سپیشل پروگرام ( ایف ایس ایس پی) کے تحت سول وٹرنری ڈسپنسریوں کی مرمت و بحالی پر مشتمل دو منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔ایک منصوبے کے تحت ایف ایس ایس پی نے لوئر اورکزئی کے علاقے خنصار میں ایک سول وٹرنری ڈسپنسری کی بحالی مکمل کی ہے۔ یہ منصوبہ سی وی ڈی بلڈنگ،33میٹر چار دیواری اورسیلاب سے بچاوٗ کیلئے30میٹر حفاظتی دیوار کی تعمیرو بحالی اور ضروری طبی آلات سمیت فرنیچر کی فراہمی پر مشتمل ہے۔ جبکہ دوسرے منصوبے کے تحت ایف ایس ایس پی نے مانی خیل کے علاقے میں ایک اور سول وٹرنری ڈسپنسری کی بحالی مکمل کی ہے ۔ یہ منصوبہ سی وی ڈی بلڈنگ اوررہائشی کوارٹر کی بحالی،83میٹر چار دیواری کی تعمیرنو، بجلی کے انتظام اورضروری طبی آلات سمیت فرنیچر کی فراہمی پر مشتمل ہے۔ توقع ہے کہ ان سول وٹرنری ڈسپنسریوں کی بحالی کی بدولت مقامی کاشتکاروں کو اپنے مال مویشیوں کی بہتر دیکھ بھال یقینی بنانے اور روزگار کے بہتر مواقع پانے میں مدد ملے گی۔