فوج خطے کے امن و استحکام پر یقین رکھتی ہے، جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے بھی تیار، آرمی چیف

January 26, 2019

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوج خطے کے امن و استحکام پر یقین رکھتی ہے، پاک فوج مادر وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے،جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے بھی تیار ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے جمعہ کو جہلم کے قریب فوجی مشق کے علاقے کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) ماحول کی طرز میں ایک بریگیڈ کی مشق کا مشاہدہ کیاجس میں ٹینک، اینٹی ٹینک ویپنز سمیت مختلف ویپنز سسٹم سے فائرنگ مشق کا حصہ تھی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملٹی پل آرٹلری گنز اور فضائیہ کے جنگی طیارے بھی مشق کا حصہ تھے۔اس موقع پر آرمی چیف نے جوانوں کے بلند جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے خطے میں امن و استحکام کیلئے کام کیا ، پاک فوج کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور طریقے سے جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج نے جوانوں کو جدید ٹریننگ کے ساتھ ساتھ پیشہ وارانہص لاحیتوں میں مزید نکھار لانے کے لئے توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی۔