ماسکو میں افغان کانفرنس کا پہلا دور مکمل

February 06, 2019

روس کی میزبانی میں ماسکو میں افغانستان کے رہنمائوں کے درمیان ہونے والی کانفرنس کا پہلا دور مکمل ہو گیا، تمام فریقوں نے پہلے روز کی بات چیت کو مثبت اور تعمیری قرار دیا جبکہ بات چیت آج بھی جاری رہے گی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے افغان کے سابق صدر حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ اجلاس بہت مفید رہا۔

طالبان وفد کے سربراہ عباس ستانکزئی نے بھی بات چیت کو مثبت قرار دیا اور کہا کہ مستقبل میں بھی ایسے اجلاس جاری رہیں گے۔

دیگر افغان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ افغان مسئلے کا حل جنگ نہیں ہے، اجلاس کے تمام فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے، اجلاس آج بھی جاری رہے گا جس میں اچھے معاہدے ہونے کی امید ہے۔

دوسری جانب امریکا اور افغان حکومت نے ماسکو کانفرنس پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس میں شرکت نہیں کی ہے۔