کنٹینر سے بنا بہترین گھر

February 10, 2019

کہتےہیںکہ انجینئرکچھ بھی بنا سکتاہے اور اگر وہ ہنر میں یکتا ہوتو اس کے بنائے ہوئے شاہکار دیکھ کر آپ حیران رہ جاتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ فلوریڈا کےمشہور مقامی آرکیٹیک اصغر فتحی نے کیا ہے۔ انہوں نے 8کنٹینرز کو جوڑ کر ایسی شاندار عمارت تیار کی ہے، جس کا اندرونی رقبہ 3ہزار مربع فٹ ہے۔ اس میں 3بیڈ رومز کے علاوہ دوسری رہائشی سہولتوں کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔ اصغر کا کہناہے کہ خوبصورتی کے علاوہ اس عمارت کی بڑی خوبی ہے کہ یہ زلزلے سے متاثر نہیں ہوگی اور طوفان بھی اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گا۔ اس کے علاوہ اسے نہ آگ لگ سکے گی اور نہ ہی کیڑے مکوڑے ہونگے۔ فتحی مستقبل کے مکانوں، رہائشی اور دفتری عمارتوں، ہوٹلوں اور عجائب گھروں کے نت نئے ڈیزائن تیار کرنے کے حوالے سے مشہور ہیں۔ کنٹینرکی عمارت سے متعلق ان کا کہناہے کہ انہوں نے جو یہ شاہکار تیار کیا ہے اس کی مالیت ڈھائی لاکھ ڈالر تک ہوسکتی ہے مگر وہ اسے فروخت نہیں کریں گے۔ وہ اسے اپنی رہائش کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ فتحی کا کہنا ہے کہ اس عمارت کی تعمیر کیلئے انہوں نے جو کنٹینرز حاصل کئے تھے، ان میں سے ہر ایک کی قیمت ڈھائی ہزار ڈالر تھی۔

دراصل کنٹینر ہائوس کی اہمیت کے پیش نظر اب بنے بنائے کنٹینر ہائوس بھی مارکیٹ میںدستیاب ہیں،جس میںچینی کمپنیاں زیادہ فعال ہیں ، او ر مختلف سیکٹرز میںان کا مفید استعمال سامنے آرہاہے۔ خاص طور پر سوشل ہائوسنگ، زلزلہ اور آفات سے بے گھر افراد کو رہائش فراہم کرنے یا مستقل سکونت اختیار کرنے کے حوالے سے ان کی مانگ میں اضافہ ہو رہاہے۔ یہ کنٹینر ہائوسز 100فیصد کسٹمائز بھی ہوسکتے ہیں، اور انہیںفراہم کرنے والی کمپنیاں آپ کی خواہش پر ان میںسامان اور ضروریات زندگی کے آئٹمز فٹ کرسکتی ہیں۔ کنٹینر ہاؤس کی ڈلیوری 20دن میں بھی ہوسکتی ہے اور یہ آپ کو زیادہ مہنگے بھی نہیںپڑتے۔

اس قسم کے چھوٹے چھوٹے گھر اپنے مکینوں کو کچھ مربع میٹر پر مشتمل جگہ پر آرام کرنے کا موقع دیتے ہیں، جہاں کسی قسم کا کوئی فالتو سامان نہیںہوتا ، بلکہ سچ پوچھیں تو Minimalists کیلئے تو اس قسم کی رہائش آئیڈیل ہو سکتی ہے۔ کنٹینر سائز کے گھر تو آج کل جرمنی میںبھی بہت پسند کیے جارہے ہیں۔

کنٹینر کو چھوٹے سے گھر میںڈھالنے کیلئے تھوڑا بہت دماغ لڑانا پڑتا ہے، اسے بالکل ایک ہَٹ کی طرح ڈیزائن کیا جاسکتاہے۔ اس میں ایک چھوٹا، جزوی طور پر ڈھکا ہوا برآمدہ بھی ہوسکتا ہے، جو آپ کنٹینر کے آگے بنا سکتےہیں، جہاں آپ بیٹھ کر تازہ ہوا سے لطف اندوزہوسکتے ہیں اور آرام بھی فرماسکتے ہیں۔

کنٹینر ہاؤس ان لوگوں کے لئے ہے، جو سب سے زیادہ اقتصادی اور ورسٹائل اندازچاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ اکیلے رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تخلیقی ذہن کے حامل ہیں اور کچھ لکھنا چاہتے ہیںیا نئی اختراع کرنا چاہئے ہیں۔

کنٹینر ہاؤس کے لیے آپ کسی ایسے فرد یا فرم کی خدمات حاصل کرسکتےہیں،جنھیں اس کام میں مہارت ہے اور انفرادی گھروں یا چھوٹے کاروباری اداروں کو اس قسم کے آئیڈیا ز فراہم کرتے رہتے ہیں۔

ایک20فٹ کنٹینر کو چھوٹے گھر میںڈھالنے کے لیے آپس میںمربوط کمرہ، باورچی خانہ اور باتھ روم ضروری ہوتاہے۔ ساتھ ہی اس میں قدرتی روشنی اور وینٹیلیشن کا انتظام بھی ضروری ہے ۔

کنٹینر ہاؤس اندر سے بھی اتنا ہی فعال اور نفیس ہوسکتاہے، جیسا کہ کوئی عام گھر۔ اِس کے ہر کونے کو بہترین انداز میں استعمال میں لایا جاسکتاہے۔ اِس میںجوفرنیچر استعمال کیا جائے، اس میں سامان رکھنے کی جگہیں شامل ہوں تاکہ ضروری اشیا کو محفوظ کرنے میںزیادہ جگہ نہ گھرے۔ کنٹینرہاؤس میں لکڑی کو اِس کی قدرتی خصوصیات کی وجہ سے استعمال میں لایا جاسکتاہے، جو اس کے اندرونی حصے کو گرم، پرسکون اور گھر جیسا ماحول عطا کرسکتی ہے۔ باورچی خانہ رہائشی حصے سے متصل ہو سکتا ہے۔ اس کے پیچھے گہری لکڑی سے باتھ رو م بنایا جاسکتاہے، جس کا دروازہ اندر کی جانب کھلتا ہو اور اس کے ساتھ سیڑھیاںاوپر جاتی ہوں۔ ان سیڑھیوں کے ذریعے آپ کنٹینر ہائوس کی چھت پر کسی کائوچ پر آرام کرتے ہوئے موسم کے مزے لے سکتے ہیں۔

داخلی دروازے کے ساتھ ایک آرام دہ نشست گاہ بھی موجود ہو سکتی ہے ۔ تھوڑی سی جگہ پر زیادہ سامان ایڈجسٹ کرنے کے بجائے، چھوٹا اور ایک سے زیادہ کام کرنے والا (فولڈ ہو جانے والا) فرنیچر استعمال کیا جاسکتاہے ۔ دونوں جانب بڑی بڑی کھڑکیاں بنائی جاسکتی ہیں، جس سے قدرتی روشنی اندرونی حصے میں داخل ہوسکتی ہے، جس کی وجہ سے کنٹینر ہائوس مزید کشادہ اور ہوادار محسوس ہوگا۔