ایک پیغام، پیاروں کے نام: اپنے پیاروں کی نذر....

February 17, 2019

نئے سال کے موقعے پر آپ کے ڈھیروں ڈھیر پیغامات وصول پائے، کچھ تو بروقت شایع کردیئے گئے، کچھ جگہ کی کمی کے باعث شیڈول ہونے سے رہ گئے۔ رہ جانے والے چند پیغامات آج آپ کی نذر ہیں۔

( اپنے پیاروں کی نذر)

نئے سال تم جب بھی آنا…سب کے لیے بس خوشیاں لانا…ہر چہرے پر ہنسی سجانا…ہر آنگن میں پھول کِھلانا…نئے سال تم جب بھی آنا…جو بچھڑے ہیں، اُنہیں ملانا…جو روتے ہیں، اُنہیں ہنسانا…جوسوئے ہیں، اُنہیں جگانا…نئے سال تم جب بھی آنا…سب کی دُعائیں پوری کرنا…نئے سال تم جب بھی آنا۔( حرا عبّاسی،کراچی کی جانب سے)

( پاکستانی قوم کے لیے)

آئیں،ہم سب مِل کر عہد کریں کہ 2019ء میں اپنی نیکیوں کا بیلنس بڑھائیں گے۔جھوٹ، حسد، غیبت جیسی اخلاقی بُرائیوں سےحتی الامکان بچنے کی کوشش کریں گےاور اپنے کسی عمل سے اہلِ خانہ، رشتے داروں، دوستوں یا پڑوسیوں کو تکلیف نہیں پہنچائیں گے۔ (مہر منظور جونیئر، ساہی وال سے)

( مسلمان خواتین کے نام)

اللہ تعالیٰ کی طرف سے مسلمان خواتین کے لیے حجاب ایک پاکیزہ تحفہ ہے،جو مسلم معاشرے کی منفرد پہچان بھی ہے۔اس تحفے کی قدر کریں اور جب بھی گھروں سے باہر نکلیں، باحجاب نکلیں۔ (اربیہ اقبال ، لانڈھی، کراچی سے)

( پیارے بھتیجوں، بھانجیوں کے لیے)

سفیان، سلمان، ریحان، شیبان، عفّان، سنّان، حمزہ، طلحٰہ، حنظلہ، حذیفہ، عائشہ، زہرا اور ماریہ! سدا، شاد و آباد رہو۔ (امامہ خان دمڑ، سنجاوی، بلوچستان)

(ہم وطن ساتھیوں کے نام)

اپنی مصروف ترین زندگی میںسے اہلِ خانہ کوضروروقت دیں۔اپنی صحت کا خیال رکھیں،نماز پڑھیں،قرانِ پاک کی تلاوت اور سیرتِ طیبہ کا مطالعہ کریںاوراللہ کےحضوراپنے پیاروںکے لیے دُعا مانگیں۔ (محمد شیراز، کراچی کی گزارش)

(پُرخلوص، پیاری ٹیچرز کے نام)

وہ طلبہ بہت خوش نصیب ہوتے ہیں، جنہیں اچھے استاد مِل جائیں کہ کسی بھی انسان کی کام یابی کے پیچھے اچھے استاد کی بہترین تربیت کا بہت عمل دخل ہوتا ہے۔ اللہ کا لاکھ لاکھ شُکر ہے کہ مجھے بھی اچھی ٹیچرز نے پڑھایا۔ جیسے مِس نبیلہ، مِس زبیدہ، مِس انیلا، مِس رملا،مِس رخشندہ، مِس شاہدہ اورخاص طور پر مِس مریم نے۔ان سب کا اندازِ تعلیم اتنا اچھا تھا کہ لیکچر باآسانی سمجھ آجاتا۔ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ میری تمام اساتذہ کوہمیشہ خوش و خرّم رکھے (آمین)۔ ( زارا طاہر، کوئٹہ سے)

( ایڈیٹر، جنگ سنڈے میگزین اور احبابِ میگزین کے لیے)

میری جانب سے آپ سب اَن گنت دُعاؤں کا تحفہ قبول کریں۔ اللہ پاک آپ سب کو ہمیشہ خوش وخرّم رکھے(آمین)۔ (محمّد سلیم راجا، لال کوٹھی، فیصل آباد کی دُعا)

(پیاری سہیلی، صابرہ خان دمڑ کے نام)

عرصہ ہوا تمہاری کوئی خیر خبر ہی نہیں، کیا حال ہیں،کیسی گزر رہی ہے،کیا اب بھی نت نئے فیشنز کے چکر میں پڑی رہتی ہو یا پھر کچھ ہانڈی روٹی کرنا بھی سیکھ لیا ہے۔ جلد از جلد اپنی خیریت کی اطلاع دو۔ (اسماء خان دمڑ، سنجاوی، بلوچستان سے)

(دُنیا کی عظیم ترین ہستی، ابّا جی کے لیے)

ابّا جی! آپ کی عظمت کو سلام۔بے شک باپ کی محبّت بے لوث ہوتی ہے، جس کا قرض ساری زندگی ادا نہیں کیا جاسکتا اور یہ آپ ہی کی تعلیم و تربیت کا نتیجہ ہے کہ آج مَیں ایک بہتر زندگی بسر کر رہی ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو صحت، تن درستی اور لمبی عُمر عطا فرمائے۔آپ کی بیٹی ہر لمحہ آپ کے لیے دُعاگو رہتی ہے۔اللہ کرے آپ کا سایا تادیر ہمارے سَروں پر سلامت رہے(آمین)۔ (صدیقہ افتخار)