پی سی بی نے آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز کا شیڈول جاری کردیا

February 11, 2019

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ چیئرمین احسان مانی نے جنگ میں شائع ہونے والی اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ آسٹریلوی ٹیم آئندہ ماہ ون ڈے سیریز کھیلنے کے لئے نہیں آئے گی۔اتوار کو پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے پروگرام کا اعلان کردیا۔ ڈائر یکٹر انٹر نیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے عالمی چیمپئنآسٹریلیا کے خلاف سیریز ورلڈ کپ تیاریوں کا حصہ ہے۔یہ میچ 22 سے31 مارچ تک ہوں گے۔ پانچوں ون ڈے متحدہ عرب امارات میں ہوں گے۔ ذاکر خان نے کہا کہ آسٹریلیا نے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے۔ پی سی بی نے ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی فوری بحالی نہ ہونے پر مایوسی ظاہر کی ہے اور شائقین سے کہا کہ انہیں مزید انتظار کرنا ہوگا۔ لیکن پاکستان سپر لیگ کے دوران کرکٹ آسٹریلیا اپنے سیکیورٹی وفد کو پاکستان بھیجے گا۔ 22 اور 24 مارچ کو شارجہ میں دو ون ڈے انٹر نیشنل ہوں گے۔27 مارچ کو ابوظہبی میں تیسرا میچ ہوگا۔29 اور 31 مارچ کو آخری دو ون ڈے انٹر نیشنل دبئی میں ہوں گے۔ تمام میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔آسٹریلیا کا پاکستان آنے سے انکار اس لحاظ سے مضحکہ خیز ہے کہ آسٹریلیا کے وکٹ کیپر ٹم پین اور فاسٹ بولر بین کٹنگ ورلڈ الیون کے ساتھ ستمبر2017 میں لاہور آچکے ہیں۔ اس سیریز میں سر رچی رچرڈسن اور سری لنکا کے خلاف ٹی 20 میچ کے لئے ڈیوڈ بون بھی میچ ریفری کی حیثیت سے لاہور آچکے ہیں۔