نئے نظام میں بلدیاتی اداروں کو مالی و تنظیمی اختیارات دیئے جائینگے‘ بشارت راجہ

February 11, 2019

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کا بہترین ذریعہ ہیں، حکومت نئے نظام کے تحت بلدیاتی اداروں کو مالی و تنظیمی اختیارات دیکر مزید مستحکم اور بااختیار بنانا چاہتی ہے۔ لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کیلئے انہیں بہترین میونسپل سروسز مہیا کی جائیں گی جن میں بس اڈوں کی تعمیر، بس سٹاپس پر پختہ شیڈز، مذبحہ خانے اور جنازہ گاہوں کی تعمیر کے علاوہ بازاروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔ سیوریج اور پانی کے نظام کی بہتری کے بعد سڑکوں کی کارپٹنگ کرینگے۔ وہ دھمیال ہائوس میں مختلف وفود سے ملاقات کر رہے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اور قانون سازی ایسے طریقے سے ہو گی جس کا احتساب عوام براہ راست کر سکیں گے۔