ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر

February 13, 2019

سندھ میں مہلک ٹائیفائیڈ کی وباء سے 2016 سے اب تک 8 ہزار کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں کراچی پہلے، حیدرآباد دوسرے اور سانگھڑ تیسرے نمبر پر ہے۔

اس حوالے سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے ٹائیفائیڈ سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر جاری کی ہیں۔

شہریوں کو ایکس ڈی آر ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ پانی کا ابال کر استعمال کریں اور بازار میں فروخت کی جانے والی برف استعمال نہ کریں۔

اس کے علاوہ پھل، سبزیاں اور برتنوں کو گرم پانی سے دھویا جائے،کھانے سے قبل صابن سے ہاتھ دھوئیں، باہر کے کھانے نہ کھائیں اور بیت الخلاجانے کے بعد ہاتھ صابن سے دھوئیں۔

اعلامیے میں شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ بیماری کی صورت میں مستند ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

واضح رہے ٹائیفائیڈ بخار کا بیکٹیریا کے ذریعے آلودہ پانی سے پھیلتا ہے، اس میں مریض کوتیز بخار، پیٹ میں درد، الٹی، سر درد ، کھانسی اور بھوک نہ لگنےکی شکایات ہوتی ہیں۔