لیوک رونکی کی غلطی نے لاہور قلندرز کو پانچ اضافی رنز دلا دیے

February 16, 2019

دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں امپائرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے وکٹ کیپر لیوک رونکی کی معمولی غلطی پر لاہور قلندرز کو پانچ رنز کی پینالٹی ایوارڈ کردیئے۔ میچ کے دوسرے اوور میں سمیت پٹیل کی گیند پر سہیل اختر نے شاٹ کھیل کر دو رنز لیے لیکن چند لمحوں بعد امپائرز رچرڈ النگ ورتھ اور راشد ریاض نے کھیل روک دیا اور وہ کچھ گفتگو کرتے نظر آئے، اس کے بعد انہوں نے اسلام آباد کے خلاف پانچ رنز کی پینالٹی دے دیے۔ دراصل وکٹ کیپر لیوک رونکی نے حسب عادت اپنا ایک دستانہ اتار کر پھینک دیا اور فیلڈر کی جانب سے پھینکی گئی گیند اس سے ٹکرا گئی۔ آئی سی سی کے قانون کے تحت اگر کوئی فیلڈر کپڑے کا کوئی ٹکڑا، کوئی سامان یا دیگر کوئی چیز فیلڈ پر جان بوجھ کر پھینکے جس سے گیند کا رابطہ ہو جائے تو یہ غیرقانونی تصور کیا جائے گا۔