فرانس میں کیش منتقلی وین کا ڈرائیور دس لاکھ یورو لے کر فرار

February 16, 2019

پیرس(آئی این پی) فرانس میں رقم منتقل کرنے والی بکتر بند گاڑی کا ڈرائیور لاکھوں یورو اور گاڑی کے ہمراہ فرار ہوگیا، پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کی تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس شمال مشرق میں واقع ٹان بوبگنی سے بینک اور منی ایکسینج کمپنیوں میں رقم پہنچانے والی کمپنی کا ڈرائیور بکتربند گاڑی اور بھاری رقم کے ہمراہ لاپتہ ہوگیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 28 سالہ وین ڈرائیور نے دو روز قبل ویسٹر یونین کے سامنے 6 بجے کے قریب گاڑی روکی اور پھر کچھ دیر بعد اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ وہاں سے چلا گیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ مفرور ڈرائیور کے ساتھی کچھ وقت بعد واپس آگئے لیکن ڈرائیور کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بکتر بندگاڑی کچھ فاصلے پر ایک گلی سے برآمد ہوگئی تاہم ڈرائیور اور گاڑی میں موجود پیسوں کے تھیلے غائب ہیں جن میں 10 لاکھ یورو کی رقم موجود تھی، فرانس کے اینٹی گینگ اسکارڈ کی جانب سے ملزم کی تلاش شروع ہوگئی ہے ۔