شہباز شریف رہا، نواز شریف جناح اسپتال منتقل، شہباز کو انصاف مل گیا، مجھے بھی توقع ہے، سابق وزیراعظم

February 16, 2019

لاہور/اسلام آباد(نمائندہ جنگ ، خبرایجنسیاں ) سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ایک بار پھر ان کی خواہش کے برعکس جیل سے اسپتال منتقل کر دیا گیا ،نواز شریف کے کمرے کو سب جیل ڈکلیئرکرکے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو 2کروڑ کے ضمانتی مچلکے منظور ہونے پر رہا کر دیا گیا ہے اور ان کے زیر استعمال منسٹر انکلیو کے ہاؤس نمبر 26کا سب جیل کا درجہ ختم کر دیا گیا ہے، دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی خدمت کرنے والوں کو ہی آزمائش کا سامنا کرنا پڑتا ہے، شہباز شریف سرخرو ہو کر باہر آگئے اور مجھے بھی عدالت سے انصاف کی توقع ہے،ادھر ترجمان ن لیگ کا کہناہےکہ اسپتال منتقلی پر تحفظات ہیں۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو طبی معائنے کے بعد کوٹ لکھپت جیل سے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ جیل ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اسپتال جانے کے لیے راضی نہیں تھے، نواز شریف چاہتے ہیں کہ ان کا علاج جیل میں ہی ہو یا پھر لندن میں پہلے والے معالج کے پاس ہو جن سے وہ پہلے علاج کرا چکے ہیں۔جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال روانگی سے قبل ڈاکٹرز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا طبی معائنہ کیا، نواز شریف کے بلڈ پریشر اور شوگر سمیت دیگر ٹیسٹ کیے گئے جب کہ نواز شریف کو آج بھی ہلکا بخار ہے۔