قلندرز کو دھچکا،حفیظ کی سپر لیگ میچز میں شرکت کے امکان کم

February 18, 2019

دبئی (نمائندہ خصوصی) پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ کی انجری شدید نوعیت کی بتائی جاتی ہے، سپر لیگ کے بقیہ میچوں میں ان کی شرکت کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے انگوٹھے میں فریکچر ہیں اور وہ تین ہفتے کرکٹ سے دور رہیں گے۔ انہیں آپریشن کرانا پڑے گا۔ آسٹریلیا کے خلاف بھی پانچ ون ڈے میچوں میں میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہے ۔ لاہور نے ان کی جگہ اے بی ڈی ویلیئرز کو کپتان مقرر کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حفیظ کی انجری کے بارے میں لاہور کی انتظامیہ اسپیشلسٹ سے مشورہ کررہی ہے۔ محمد حفیظ کا انگوٹھا ہفتہ کو کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران زخمی ہوا تھا، آل راؤنڈر کو ایکسرے اور اسکین کے لیے ہسپتال لے جایا گیا تھا، ابتدائی رپورٹ کے بعد انہیں پشاور زلمی کے میچ میں نہیں کھلایا گیا۔ محمد حفیظ کی فٹنس کے لیے مزید کتنا وقت درکار ہو گا اس کا فیصلہ ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ لاہور قلندر کی انتظامیہ ان کے جلد فٹ ہونے کیلئے پرامید ہے۔ البتہ تاہم ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں فٹ ہونے میں تین ہفتے لگ سکتے ہیں ۔