اوورسیز پاکستانی و کشمیری وطن عزیز کی معیشت بہتر بنانے میں مدد کریں، سردار عتیق

February 18, 2019

کوونٹری (وقار ملک) جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کوونٹری بزنس فورم کے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی کشمیری سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت ایک ایسا مضبوط میکانزم تیار کرے جس سے اعتماد میں اضافہ ہو، اوورسیز کمیونٹی نے نہر مشکل وقت میں کشمیر پاکستان کا ساتھ دیا اور ترقی کے میدان میں ہاتھ بٹایا لیکن افسوس کہ ماضی کی حکومتوں نے سمندر پار پاکستانیوں کی خاطر خواہ حوصلہ افزائی نہیں کی جس سے مایوسی پھیلی تحریک انصاف کی حکومت بالخصوص وزیراعظم پاکستان عمران خان حقیقت سوچ کے ذریعے پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے دن رات کاوشوں میں مصروف میں مسئلہ کشمیر کے حل میں گہری دلچسپی اور ایکشن کا آغاز ہوچکا ہے۔ وفاقی وزیر خارجہ کی تقاریر اور عملی کاوشوں نے کشمیریوں کے حوصلے بلند کیے ہیں۔ موجودہ حکومت کی پالیسیاں صاف اور شفاف نظر آرہی ہیں، آج پہلی بار بھارت سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے والے موجود ہیں بلکہ بھارت کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ مہاراج ہم نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔ آپ دنیا کو آگ میں نہ دھکیلیں، بھارت پلوامہ کیس جیسے دوسرے کیسز میں پاکستان کے سر تھونپ دیتا ہے جس کی حکومت پاکستان نے بڑے واضح انداز میں جواب دیا ہے۔ دنیا آج ترقی و خوشحالی کی طرف آگے بڑھ رہی ہے۔ سی پیک جیسے منصوبے شروع ہوچکے ہیں تاکہ امن و خوشحالی کا باب شروع ہو لیکن بھارت تشدد اور آگ کی باتیں کرتا ہے۔ قتل و غارت کی طرف نت نئے منصوبے بنایا ہے، آج مذاکرات کا دور ہے۔ مذاکرات کے ذریعے ہی معاملات طے ہوتے ہیں اور جنگیں ختم ہوتیں ہیں، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا، سعودی عرب کے کرائون پرنس کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس سے پاکستا اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مزید راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اوورسیز کاروباری شخصیات کے لیے ایسی پالیسیاں مرتب کرے جس سے انہیں مکمل تحفظ کا یقین ہو اور جب وہ اپنے ملک سرمایہ کاری کے لیے قدم رکھیں تو انہیں مکمل سہولیات فراہم کیں جائیں۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ بریگزٹ کے بعد یورپین یونین کے لیے ٹھوس بنیادوں پر پالیسی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ پڑھے لکھے تجربہ کار افراد یورپین یونین کو حقائق سے آگاہ کرسکیں۔ تمام کشمیریوں، پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے ممبران پارلیمنٹ کو بھارتی ظلم سے آگاہ کرتے رہا کریں۔ اپنے بچوں اور بالخصوص اپنے سینوں پر کشمیر کا بیج لگاکر چلیں جس کے انتہائی اہم اور مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان میں ترقی کے لیے سر توڑ کاوشوں میں مصروف ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ کرپشن میں ملوث افراد کو ایک این آر او دے کر ملک سے باہر اس بنیاد پر نکال دے کہ وہ لوٹی ہوئی رقم واپس کردیں گے کیونکہ کرپٹ افراد کی گنجائش اب ملک پاکستان میں نہیں رہی، انہیں ملک سے نکال دینا ہی ملک کے لیے بہتر ہے۔ سردار عتیق احمد خان کی آمد پر یورپ کی سیاسی شخصیت سید ریاض حسین شاہ نے ساتھیوں کے ہمراہ مسلم کانفرنس میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ صدر جماعت مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی کوونٹری آمد پر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر راجہ اعجاز، راجہ ہارون، راجہ شیراز، راجہ حسن نے مسلم کانفرنس اور سردار عتیق کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سردار عتیق احمد خان کی جدوجہد قابل تحسین ہے۔