غالب نےفرار کی بجائے مشکلات کو آواز دی،ڈاکٹر اجمل خان

February 19, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ غالب نے فرار کی بجائے مشکلات کو آواز دی۔اس کے اشعار میں اور خیال و فکر کے آئینہ میں سماجی ، سیاسی و تہذیبی احوال کا عکس دیکھا جاسکتا ہے۔غالب کی شاعری کی سب سے بہترین بات یہ ہے کہ اس دور کی شاعری اور عصر حاضر کے معاشرے میں مماثلت پائی جاتی ہے۔غالب کی شاعری کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ ہر دور میں لوگوں نے ان کی شاعری سے مطلب خود اخذ کئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ اُردو کے زیر اہتمام اُردو کے عظیم شاعر مرزا اسد اللہ خاں غالب کی 150 ویں برسی پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمعروف صحافی وکالم نگار محمود شام نے کہا کہ غالب نے اپنے اشعار میں فلسفے کی تاریخ کو سمو دیا ،فلسفی کی بنیادی جستجو سچ کی تلاش ہوتی ہے اور غالب نے ان کی اس جستجو کو اپنی شاعری میں سمو دیا ہے۔انہوں نے اپنے فکری تجربے سے طلباوطالبات اور سامعین کو آگاہ کیا۔ کانفرنس سے پروفیسرڈاکٹر عبدالوہاب سوری ،ڈاکٹر خالد ندیم ،پروفیسر ڈاکٹر تنظیم الفردوس نے بھی خطاب کیا۔