2030 میں چین اور بھارت کے بعد پاکستان تیسری بڑی معیشت ہوگا، 20 ارب ڈالر ابتدا ہے، ہمارے تعلقات بہت آگے جائیں گے، سعودی عرب

February 19, 2019

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نےکہاہے کہ پاکستان میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری محضابتداء ہے‘دونوں ممالک کےتعلقات بہت آگے جائیںگے ‘پاکستان 2030ء میںچین اور بھارت کے بعد تیسری بڑی معیشت ہوگی ‘ہم پاکستان کے شاندار مستقبل پر یقین رکھتے ہیں‘ پاکستان گھرجیساہے ‘ترقی کے سفرمیں پاکستان کے ساتھ ہوںگے ‘تعاون جاری رہے گا ۔ پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان سے روانگی سے قبل نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے صرف شروعات ہیں‘ پاکستان کو آگے بڑھتے ہوئے دیکھ رہے ہیں‘پاکستان کی ترقی میں ہم بھی اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں‘پاکستان کے پڑوس میں دو بڑی معیشت ہیں، ایک طرف چین اور ایک طرف بھارت ہے، اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان ان دونوں ہمسایوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی اہلیت رکھتا ہے۔پاکستان میں وہ اپنا گھر جیسا محسوس کر رہے ہیں، سعودی عرب پاکستان کے مستقبل پر یقین رکھتا ہے،پاکستان یقینی طور پر اپنے ہمسائیوں اور اپنی قیادت سے استفادہ کرتے ہوئے ملک کو صحیح راستے پر گامزن کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ءمیں پاکستان کی معیشت نے 5 فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے، اس لئے ہمیں یقین ہے کہ پاکستان مستقبل کی اہم معیشت ہے‘پاکستان کی قیادت، عوام اور پاکستان کے اتحادی ملک کو ایک دن اہم معیشت بنائیں گے‘اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مخصوص جغرافیائی و سٹرٹیجک محل وقوع اور سعودی عرب کی خصوصی اہمیت ایک ایسا امتزاج ہے جو ہمارے مستقبل کیلئے بہت اہم ہے‘ سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی پر شہزادہ محمد بن سلمان کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کا خود کو پاکستان کا سفیر کہنا اعزاز کی بات ہے اور امید ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ پاکستان سے روانگی کے لئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نورخان ایئربیس پہنچے، ایوان صدر سے نور خان ایئر بیس تک عمران خان نے خود ہی ولی عہد کی گاڑی ڈرائیو کی۔ نور خان ایئربیس پر وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزرا سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے سعودی ولی عہد کو الوداع کیا۔ پاکستان سے واپسی کے موقع پر سعودی ولی عہد کافی خوشگوار انداز میں نظر آئے اور عمران خان نے انہیں گلے لگا کر رخصت کیا۔