کراچی، 4 سے 6 ہزار ٹن کچرا یومیہ ندی،نالوں، سمندر اور خالی پلاٹوں میں پھینکا جارہا ہے

February 19, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میں 4 سے 6 ہزار ٹن کچرا لینڈفل سائٹ تک پہنچنے کے بجائے روزانہ ندی، نالوں، سمندرکے کنارے اور خالی پلاٹوں میں پھینکاجارہا ہے جو ماحول کو خراب کرنے کے ساتھ بیماریوں کا سبب بن رہا ہے سندھ سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے حال ہی میں متعدد اداروں کے سربراہوں کے نام خط میں ان کی توجہ دلائی گئی ہے کہ ان کے ہاں جمع ہونے والا کچرا روزانہ کی بنیاد پر شہر کی دونوں لینڈفل سائٹ گوندپاس اور جام چاکرو پر نہیں پہنچ رہا خط میں چیف ایگزیکیٹو آفیسر کنٹونمنٹ بورڈ کراچی، ملیر، کورنگی کریک اور منوڑا ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کراچی، چیئر مینڈی ایم سی کورنگی، وسطی ،چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ، چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی، ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن، ڈائریکٹر جنرل فشریزڈپارٹمنٹ، ڈویژ نل سپرنٹنڈ نٹ پاکستان ریلوے اور مینجنگ ڈائر یکٹر سائٹ لمیٹڈ سے کہا گیا ہے کہ دونوں لینڈفل سائٹ پر آپ کا کچرا نہیں پہنچ رہا ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ کچرا قر یبی ندی ، نالوں، سمندر کے کنارے یا کھلی جگہوں پر پھینکاجارہا ہے کچرے کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگاناماحولیاتی آلودگی سے بچنے اور شہریوں کی صحت کے لیے ضروری ہے سندھ سالٹ ویسٹ مینجمنٹ ذرائع کے مطابق شہر میں اس وقت 12 سے 14 ہزار ٹن کچرا روزانہ جمع ہوتا ہے اور بمشکل 8 سے 10 ہزار ٹن جام چاکرو اور گوندپاس لینڈفل سائٹ تک پہنچ پاتا ہے مذکورہ تمام سوک ایجینسیزاور اداروں سے اس صورتحال کافوری نوٹس لینے کا کہا گیا ہے۔