پی ایس ایل میچز اپنے فون اور جیو سوپر چینل کی ویب سائٹ پر دیکھیں، واٹس ایپ الرٹس بھی اپ ڈیٹ سے آگاہ رکھیں گے،جیو سوپر نے لائیو اسٹریمنگ کی حقوق حاصل کر لئے

February 20, 2019

کراچی (محمد ناصر ) پاکستان کے سب سے پہلے نجی اسپورٹس چینل ”جیوسوپر“ پر پاکستان سپر لیگ کے براہ راست میچ دیکھنے والوں کی بڑی خوشخبری یہ ہے کہ ”جیو اور جنگ گروپ“ نے پی ایس ایل 2019ءکے لائیواسٹریمنگ کے حقوق بھی حاصل کرلئے ہیں۔ اب کرکٹ کے دیوانے انٹرنیٹ پر بھی پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کے میچ براہ راست دیکھ سکیں گے۔ واضح رہے کہ یہ حقوق صرف پاکستانی ناظرین کیلئے ہیں۔ ویسے تو کرکٹ شائقین انتہائی جوش اور ولولے سے ”جیوسوپر“ پر پی ایس ایل کی براہ راست نشریات دیکھ رہے ہیں لیکن اب جیو اور جنگ گروپ نے اُنہیں انٹرنیٹ پر بھی یہ میچ براہ راست دیکھنے کیلئے بہترین سہولت فراہم کردی ہے ۔ پی ایس ایل سے دلچسپی رکھنے والوں کو انٹرنیٹ پر براہ راست مقابلے دیکھنے کیلئے ویب سائٹ www.geosuper.tv/live پر جانا ہوگا۔ یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ فور نے ہر سال کی طرح اس سال بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑھ دیئے ہیں،اس کھیل سے پاکستانی جنون کی حد تک پیار کرتے ہیں، ہر سال کی طرح اس سال بھی پی ایس ایل مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے پاکستان کا سب سے بڑا اسپورٹ ایونٹ بن کر سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اب تک کھیلے جانے والے سات میچز 11 کروڑ سے زائد ناظرین نے دیکھے ہیں۔ اُمید کی جارہی ہے کہ فائنل تک یہ تعداد بڑھ کر ویورشپ کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز ”جیوسوپر“ سے براہ راست نشر کئے جارہے ہیں۔