ایس ایم ای فنانسنگ نے 500ارب کا سنگ میل عبور کرلیا

February 20, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں بینکوں کی جانب سے پہلی بار ایس ایم ای فنانسنگ نے 500 ارب روپے کا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ سال 2018ء کے اختتام پر ایس ایم ای قرضے 14 فیصد اضافے کے ساتھ بڑھ کر 513 ارب روپے تک پہنچ گئے ، جبکہ اس کے مقابلے میں گذشتہ برس کی اسی مدت میں یہ 450 ارب روپے کی سطح پر تھے۔ سال 2018 ء کے آخری چھ مہینوں (جولائی تا دسمبر) میں ایس ایم ای قرضوں میں نمو زیادہ نمایاں تھی اور اس میں 25 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔2018ء کے دوران اسٹیٹ بینک کے پالیسی ریٹ میں اضافے کے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس ایم ای قرضوں (SME Financing) میں اضافے کی افادیت بہت زیادہ ہے۔مالیات کے باضابطہ ذرائع تک ایس ایم ایز کی رسائی بڑھانے پر اسٹیٹ بینک کی مسلسل توجہ کے باعث سال 2018ء میں ایس ایم ای فنانسنگ میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔ ایس ایم ای قرضوں میں خاصے اضافے کا اہم سبب اسٹیٹ بینک کی جانب سے دسمبر 2017ء میں جاری کردہ ایس ایم ای مالیات کو فروغ دینے کی پالیسی پر عملدرآمد ہے۔یس ایم ای پالیسی میں یہ یقینی بنایا گیا کہ ایس ایم ای قرضوں کے اجرا کے لیے سازگار ضوابطی ماحول فراہم کیا جائے، بینکوں/ ترقیاتی مالی اداروں کے لیے ایس ایم ای قرضوں کے اہداف مقرر کیے جائیں ، بینکوں کو احساس دلایا جائے کہ وہ ایس ایم ای قرضوں کے اجرا کو بھی قابلِ عمل کاروباری ذریعے کے طور پر اپنائیں۔