بھارت میں سدھو کی حمایت پر کپل شرما بھی غدار قرار

February 20, 2019

سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو پلوانہ حملے کے بعد پاکستان مخالف بیان نہ دینے پر انتہاپسند ہندوؤں کے نشانے پر ہیں ہی مگر اس کے ساتھ ساتھ سدھو کی حمایت کرنے والے دوستوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بھارت کے معرو ف کامیڈین و اداکار کپل شرما نے گزشتہ روز نوجوت سنگھ سدھو کی حمایت میں بیان دیا تھا ، جس پر انہیں بھی انتہا پسندوں کی طرف سے تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

کامیڈین کپل نے گزشتہ روز نوجوت سنگھ سدھو کو ’’کپل شرماشو‘‘ سے نکالنے پر کہا تھا سدھو پاجی کے ساتھ جو ہوا وہ ٹھیک نہیں ہے، سدھو دہشتگردی کے خلاف حکومتی پالیسی کی حمایت کرتے ہیں لہٰذا انہیں شو سے نکالنا مسئلے کا حل نہیں ہے۔

انتہا پسند بھارتیوں کو کپل کا سدھو کی حمایت میں دیا گیا بیان پسند نہیں آیا اور بھارتی فلم میکر اور پروڈیوسر اشوک پنڈت سمیت متعدد بھارتیوں نے ’’دی کپل شرما شو‘‘ کے شریک پروڈیوسر اور بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان سے کپل کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔