مادری زبانوں میں تعلیم کے بغیر ترقی وخوشحالی ممکن نہیں‘بی این پی

February 21, 2019

کوئٹہ (آئی این پی ) بی این پی کی مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری نے کہاہے کہ کوئی بھی قوم اس وقت تک حقیقی معنوں میں ترقی وخوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتی جب تک انہیں اپنی مادری زبانوں میں تعلیم پر مکمل عبور حاصل نہ ہوتمام ماہر لسانیات اور تحقیقی ادارے اس بات پر متفق ہیں کہ بچوں کو اپنے مادری زبانوں کے ذریعے تعلیم کے حصول آسان اور سودمند ہوسکتاہے کسی بھی قوم کی کلچر،تہذیب وتمدن ،ثقافت اور تاریخ کی بقاء اور پہچان کو برقراررکھنے میں زبان کا اہم کردار ہوتاہے انہوں نے کہاکہ جب 1952ء کو بنگلہ دیش میں طلباء نے مادری زبان کی ترقی وترویج اور انہیں ذریعہ تعلیم بنانے کیلئے ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالی تو انہیں پابند سلاسل کرکے طرح طرح کی اذیتیں دی گئیں بلاآخر اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی میں متواتر اجلاسوں کے بعد 2008ء کو 21فروری کے دن کو عالمی مادری زبانوں کی ترقی وترویج کاحیثیت دیاگیا اور تمام حکومتوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ مادری زبانوں کی ترقی وترویج اور فروغ کیلئے عملی اقدام اٹھائیں ۔درایں اثناء انہوں نے کہاکہ شہدائے جیونی کے برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے کہاکہ 1986ء کو جیونی میں شہریوں نے پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے خلاف ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالی جس میں 11سالہ یاسمین بلوچ بھی شامل تھی قانون نافذ اداروں نے پرامن ریلی کے شرکاء پرفائرنگ کرکے11سالہ یاسمین کو شہید کردیا بدقسمتی سے جیونی کے عوام آج بھی پینے کے پانی سمیت تمام بنیادی سہولیا ت سے محروم ہیں۔