اورنگی ٹاؤن میں تندور پر فائرنگ ،ایک شخص ہلاک

February 24, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان نے تندور پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق پیرآباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر 3 الہیٰ کالونی مسجد والی گلی میں واقع تندور پر ہفتہ کی شب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے ، فائرنگ کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا ،پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت اسپتال میں 35سالہ نور البشر ولد خیر البشر کے نام سے ہوئی ،جبکہ زخمیوں کی شناخت 32 سالہ عبداللہ ولد گل خان اور 30 سالہ ارشد کے نام سے ہوئی ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کا مذکورہ مقام پر تندور تھا اور وہ واقعہ کے وقت اپنے ہوٹل میں روٹیاں لگا رہا تھا ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول پختون آباد کا رہائشی تھا ، پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاءکے حوالے کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے ۔‎