زہرخوردنی واقعہ کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں،واحد صدیقی

February 24, 2019

کوئٹہ(پ ر)رکن اسمبلی عبدالواحد صدیقی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں زہریلا کھانے سے بچوں کی ہلاکت پر انہوں نے بروقت کارروائی کی ہدایات اور میتیں لانے کے لیے خصوصی طیارہ فراہم کیا، انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے بھی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اپنا ترجمان بروقت بھیجا اور معاملے کی تحقیقات کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سے بات چیت کی ،انہوں نے مزید کہا کراچی میں زہرخوردنی سے بچوں کی ہلاکت افسوسناک ہے واقعہ کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے اس طرح کے افسوسناک واقعات ناقابل برداشت ہیں جب تک ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک نہیں پہنچایا جاتا ہمیں سکون نہیں ملے گابلوچستان کے عوام کا مطالبہ ہے کہ واقعہ کی شفاف تحقیقات کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین کے پاس کچھ نہیں بچا سندھ حکومت سے مطالبہ ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کریں تاکہ مزید انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہو ۔