کالعدم تنظیموں کی فہرست جاری کردی گئی

March 05, 2019

وفاقی حکومت نے 68 کالعدم تنظیموں کی فہرست جاری کردی ہے۔

انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے نیکٹا کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں لشکر جھنگوی، سپاہ محمد، جیش محمد، لشکرطیبہ، سپاہ صحابہ سمیت دیگر تنظیمیں شامل ہیں۔

فہرست 4 مارچ 2019ء کو اپ ڈیٹ کی گئی ہے، فہرست میں جماعت الدعوۃ اور اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن انسداد دہشت گردی ایک 1997ء کے تحت واچ لسٹ پر ہیں، جن پر آج پابندی عائد کردی گئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی جاری ہے، جن کے 44 ارکان کو حراست میں لے لیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب میں سیکریٹری داخلہ نے کہاکہ حراست میں لئے گئے 44 افراد میں مفتی عبدالروف اور حماد اظہر بھی شامل ہیں۔

شہریار آفریدی نے واضح کیا کہ یہ کارروائیاں کسی دباؤ میں نہیں کررہے ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی ہمارا اپنا فیصلہ ہے،کسی دباؤ میں یہ اقدامات نہیں کررہے ہیں۔

ان کا کہناتھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں نیشنل ایکشن پلان کے عین مطابق ملکی مفاد میں کی جارہی ہیں۔

شہریار آفریدی نے واضح کیا کہ ہم واضح پالیسی ہے کہ پاکستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔