پی ایس ایل میچز کیلئے اصل شناختی کارڈ لازمی قرار

March 09, 2019

کراچی ٹریفک پولیس نے پاکستان سپر لیگ کے شیڈول میچز اور 17 مارچ 2019 ءکو ہونے والے فائنل میچ کے سلسلے میں خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا ہے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ان میچز میں پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑیوں سمیت نامور غیر ملکی کھلاڑی حصہ لیں گے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں میچزدیکھنے والے شائقین کو پارکنگ مقامات پر آنا ہو گا ۔ جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے انہیں اسٹیڈیم کے قریب پہنچایا جائے گا ۔ ٹکٹ اور اصل شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا۔ کھانے پینے اور خواتین کے ہینڈ بیگ لانے پر پابندی ہوگی۔ موبائل فون ساتھ لے جاسکیں گے۔

اسٹیڈیم کے دروازے دوپہر 12 بجے کھول دیے جائیں گے اور شام 5 بجے بند کر دیے جائیں گے۔

آج کراچی میں کارساز سے حسن اسکوائر تک اور ملینیم شاپنگ مال سے آغا خان گیٹ نمبر 3 تک سڑک بند ہوگی۔ اسٹیڈیم کے عقب والی سڑکیں بھی بند ہوں گی۔ یہاں کے رہائشی اصل شناختی کارڈ دکھا کر علاقے میں جا سکیں گے ۔

شارع فیصل اور راشد منہاس روڈ مکمل طور پر بحال رہے گی ۔ آغا خان اور لیاقت نیشنل اسپتال جانے والے نیوٹاؤن سے جاسکیں گے۔

اسی طرح بھاری ٹریفک کے حوالے سے انتظامات کیے گئے ہیں، اس کے مطابق سہراب گوٹھ سے نیپا،لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائراور پیپلز سیکریٹریٹ چورنگی سے یونیورسٹی روڈ پر ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

عوام الناس سے گزارش ہے کہ زحمت و پریشانی سے بچنے کےلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔

علاوہ ازیں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے رات گئے کراچی میں پی ایس ایل 2019ء کے حوالے سے پارکنگ کے لیے مختص گراؤنڈز کا معائنہ کیا۔