بوئنگ کی اپنے میکس 8طیاروں کی پروازوں پرپابندی کی سفارش

March 15, 2019

واشنگٹن(اے این این )امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ نے ایتھوپیا میں اپنے ایک طیارے کی تباہی سے متعلق نئے شواہد سامنے آنے کے بعد یہ درخواست کر دی ہے کہ دنیا بھر میں اس کے میکس آٹھ طرز کے ہوائی جہازوں کے استعمال پر فی الحال پابندی لگا دی جائے۔ ساتھ ہی بوئنگ نے کہا ہے کہ یہ سفارش محض احتیاطی طور پر کی گئی ہے اور کمپنی کی خواہش ہے کہ دنیا بھر کی فضائی کمپنیاں اس کے اس ہوائی جہاز کے محفوظ ہونے پر مکمل اعتماد کر سکیں۔ اس سے کچھ ہی دیر قبل دنیا کے بہت سے دیگر ممالک کے بعد امریکہ میں فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی ان طیاروں کے استعمال پر پابندی لگا دی تھی قبل ازیںوائٹ ہاوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ طیارے فوری طور پر گراونڈ کیے جارہے ہیں، ٹرمپ کے اعلان پر کچھ ہی دیر میں امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے ہنگامی حکم نامہ جاری کر دیا۔واضح رہے کہ ایتھوپیا میں بوئنگ 737میکس طیارہ گرنے سے تمام 157مسافر ہلاک ہوگئے تھے، پانچ ماہ میں طیارے کو پیش آنے والا یہ دوسرا مہلک حادثہ تھا، امریکا سے پہلے چین، ایتھوپیا، انڈونیشیا، سنگاپور، آسٹریلیا، عمان، فرانس اور بھارت سمیت کئی ممالک بوئنگ 737میکس طیارے گراونڈ کرنے یا اس کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔