بھارت تحریک آزادی کشمیر کو روک نہیں سکتا، عامر علی ندیم

March 15, 2019

سٹاک ہوم(کاشف عزیز بھٹہ ) بھارت گزشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں سے بھاگ رہا ہے اور نہ ہی کبھی اقوام متحدہ کو یہ توفیق ہوئی کہ وہ اپنی پاس کردہ قراردادوں پر عمل کروائے اور انصاف و امن کی بات منوا کر دکھائے۔ آج ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں ’’سیکولر‘‘ بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے بھارتی افواج کا جبر انتہاؤں پر ہے۔ وہ معصوم جو آزادی مانگتے ہیں ان پہ گولیاں برسائی جا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ و دیگر عالمی ادارے جو امن کے ٹھیکیدار بنے بیٹھے ہیں وہ امن کے دعویدار کہاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عامر علی ندیم چیف آرگنائزر کشمیر کمیٹی سویڈن نے اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا،اس تقریب میں مسلم لیگ ن سویڈن کے صدر جنید نواز چوہدری،معروف وکیل و منہاج القرآن سٹاک ہوم کے صدر شفقت کھٹانہ، مسلم لیگ ن یوتھ ونگ سویڈن کے صدر شکیل چوہدری، معروف بزنس مین حسن چوہدری،کاشف چوہدری، ثقلین سرفراز و دیگر شریک تھے،عامر علی ندیم نے کہا کہ یہ بھارت کی خام خیالی ہے کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کو روکنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ حق کی صدائیں دبانے سے کبھی دبی ہیں نہ دبیں گی۔ نوائے حق دبانے سے تو مزید اُبھرتی ہے اور اس میں جوش اور ولولہ پیدا ہوتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہےکہ عالمی برادری صحیح ثالث کا کردار ادا کرے اور بھارت پہ دباؤ ڈالے۔ عامر علی ندیم نے سویڈن میں کشمیر کاز کیلئے کوشش کرنے پر اور سویڈن کی قومی اسمبلی میں کشمیر ایشو پر قرارداد پیش کرنے پر سویڈن کے ممبر پارلیمنٹ سرکن کوسے سفارتخانہ پاکستان سٹاک ہوم اور دیگر پاکستانی و کشمیری احباب کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم سویڈن میں رہتے ہوئے سویڈن کے ہر فورم پر اپنے کشمیری بھائیوں کیلئے پہلے سے زیادہ آواز بلند کریں اور کشمیر کی آزادی اور حق خود ارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں۔