’’نیوزی لینڈ کی تاریخ کی بدترین دہشتگردی کی وجہ اسلامو فوبیا ہے‘‘

March 19, 2019

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے واقعات کی بڑھتی ہوئی وجہ اسلامو فوبیا ہے۔

کینیڈین پارلیمنٹ میں پالیسی بیان دیتے ہوئے ٹروڈو نے مسلم کمیونٹی سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے غم میں شریک ہیں۔

انہوں نے عالمی رہنماؤں سے نفرت انگیزی کے خلاف مل کر کوششوں کا مطالبہ کیا اور کہا کہ نفرت انگیزی سے لڑنے والوں کو حکمرانوں کی حمایت حاصل نہیں جبکہ نیوزی لینڈ میں جانی نقصان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔

جسٹن ٹروڈو نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کی تاریخ کی بدترین دہشت گردی کی وجہ اسلامو فوبیا ہے، ہم آج سے نفرت کے خلاف قدم اٹھا سکتے ہیں یہ بتانے کے لیے اب بہت ہوچکا ہے، آج کے بعد منافرت پھیلانے اور تشدد پر اکسانے والے بچ نہیں پائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نفرت کے خلاف مسلمان، مسیحی، یہودی، گورے، کالے سب کو مل کر لڑنا ہوگا۔