راچڈیل ٹائون میںمیئر محمد زمان کی زیر صدارت یوم پاکستان کی تقریب آج ہوگی

March 23, 2019

راچڈیل (ہارون مرزا) برطانیہ کے دوسرے شہروں کی طرح راچڈیل ٹاؤن ہال میں 23مارچ ہفتہ صبح 10بجے یو م پاکستان کی تقریب میئر آف راچڈیل محمد زمان کی زیرصدارت منعقد ہوگی۔ تقریب میں ممبر آف پارلیمنٹ ،کونسلرز، بزنس مین اور کمیونٹی رہنمائوں کے علاوہ تمام پاکستانیوں کو خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ تقریب میں پرچم کشائی اور 23مارچ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا جائے گا۔ یہ امر قابل ذکر ہے حالیہ انڈیا پاکستان کی کشیدگی سے اس سال 23مارچ کو پاکستانی کمیونٹی نے برطانیہ بھر میں انتہائی جوش و خروش سے منانے کا ارادہ کیا ہے۔ میئر آف راچڈیل محمد زمان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمسائیوں سے اچھے تعلقات کا خواہشمند ہے، برطانیہ کو ثالثی کا کردار ادا کرنا ہو گا جنگ کے خطرات ابھی تک موجود ہیں جس سے عالمی امن کو بھی خطرہ لاحق ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم سے ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ کشمیر میں فی الفور نہتے کشمیریوں پر مظالم رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔